سموگ سے بچاؤ کیلیئے احتیاتی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق آگاہی واک

0
40

فیصل آباد(محمد اویس)ڈپٹی کمشنر محمد علی نے کہا ہے کہ بدلتے ہوئے اس موسم میں ممکنہ سموگ کی صورتحال سے نپٹنے کے لئے متعلقہ محکموں کی طرف سے بھر پور انتظامی و انسدادی اقدامات کئے گئے ہیں تاہم سموگ کی صورت میں اس کے مضر اثرات سے بچنے کے لئے شہری احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کریں تاکہ صحت کا تحفظ کیا جا سکے۔انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر اہتمام سموگ سے بچاؤکے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق منعقدہ عوامی آگاہی واک کی قیادت کرتے ہوئے کہی۔واک ضلع کونسل چوک سے شروع ہو کر خلیق قریشی روڑ،پریس کلب سے ہوتی ہوئی کچہری بازار چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی جہاں ڈپٹی کمشنر نے موٹر سائیکل سواروں،رکشوں اور کاروں میں موجود شہریوں میں احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس اورفیس ماسک بھی تقسیم کئے اور شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان سے سموگ کے بارے میں دریافت اور انہیں اس کے مضر اثرات سے بچنے کا احساس دلایا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل میاں آفتاب احمد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد آصف شہزاد،ضلعی کوآرڈینیٹر برائے وبائی امراض ڈاکٹر بلال احمد،ڈاکٹر عطاء المعنم،محکمہ صحت کے دیگر افسران،لیڈی ہیلتھ ورکرز اور سول سوسائٹی کے افراد بھی شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سردی کے موسم میں دھند اور دھواں کی آمیزش سے ماحول میں سموگ کی صورتحال انسانی صحت کے لئے نقصان دہ ہو سکتی ہے جس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی بہترین اقدام ہے۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے خاندانوں کے افراد کے علاوہ محلے داروں اور اردگرد کے افراد کو سموگ کے مضر اثرات سے بچنے کے طریقوں سے آگاہ کریں۔انہوں نے بتایا کہ کوڑا کرکٹ کو جلانے پر پابندی اوردھواں دینے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے علاوہ گردوغبار کے تدارک کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں تاہم شہری اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں۔ ڈپٹی کمشنر نے موسمی تغیرات کے نقصانات پر قابو پانے کے لئے حکومت کے صحیح سمت اقدامات اور پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری اور درختوں کی حفاظت سے موسمی تبدیلیوں کے منفی اثرات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں نے محکمہ صحت ودیگرمحکموں کے افسران سے کہا کہ وہ سموگ پر قابو پانے کے لئے آگاہی پروگرامز کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی خرابیوں کا بروقت ادراک کیا گیا ہے کیونکہ مستقبل میں ان چیلنجز کا مقابلہ پوری تیاری کے ساتھ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کی صورتحال میں صحت کے بچاؤ کے لئے ہر گھر میں احتیاطی اقدامات ضرور کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرتی کا ماں کی طرح خیال رکھا جائے تاکہ اسکے تحفظ سے آئندہ نسلوں کا ماحول خوشگوار اور سازگار رہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویڑن کے مطابق ماحولیاتی تحفظ حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے اور سر سبز پاکستان کے لئے ضلعی سطح پر بھرپوراقدامات کئے جارہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر برائے وبائی امراض محکمہ صحت ڈاکٹر بلال احمد نے سموگ کی وجوہات‘ احتیاطی تدابیر اور مثاترین کے لئے علاج معالجے کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ سموگ کے دوران گھروں کی کھڑیاں اور دروازے بند رکھیں۔ باہر نکلنے کے لئے ماسک استعمال کریں اور زیادہ پانی پئیں۔علاوہ ازیں ہاتھ‘ چہرہ ناک اور آنکھوں کو باربار دھوئیں۔ گھروں میں صفائی کے لئے جھاڑو کے استعمال کی بجائے گیلا کپڑا استعمال کریں۔

Leave a reply