ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کی من مانیاں سرکاری خزانے کو مہنگی پڑنے لگیں

ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کا نادر شاہی حکم، راتوں رات مظفرگڑھ کے رمضان بازار میں اعلی کوالٹی کی پرانی ٹف ٹائل اتروا کر ناقص میٹریل سے بنی لوکل ٹف ٹائل لگوا دی ۔ڈپٹی کمشنر کے حکم پر پہلے سے مالی بحران کا شکارمیونسپل کمیٹی مظفرگڑھ نے راتوں رات رمضان بازار کی ٹف ٹائل تبدیل کر دی۔ عوامی حلقوں کا احتجاج شہری وزیر اعلی پنجاب شکایات سیل کی وائس چیئرپرسن محترمہ مہناز سعید کے سامنے پھٹ پڑے ،مہناز سعید کا معاملہ وزیر اعلی کے نوٹس میں لانے کا اعلان،گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انور کو رمضان بازار لگے آٹھ دن گزرنے کے بعد خیال آیا کہ رمضان بازار میں لگی ٹف ٹائل پرانی ہے اور خوبصورت نہیں ہے انہوں نے موقع پر موجود میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ کے آفیسران کو مبینہ طور پر حکم دیا کہ رمضان بازار کے لگے سٹالز سے آگے بچنے والے راستے کی ٹف ٹائل نئی لگائی جائے جس پر میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ کے چیف آفیسر زوہیب حمید قریشی نے بغیر کسی ٹینڈر کے راتوں رات لوکل فیکٹری کی تیار شدہ ٹف ٹائل بھاری کمیشن پر منگواکر لگا دی۔ واضح رہے کہ میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ پہلے سے مالی بحران کا شکار ہے جس کی وجہ سے میونسپل کمیٹی ملازمین اور پنشنرز کی کئی کئی ماہ کی ادائیگیاں واجب ادا ہیں۔ادھر سرکاری تعمیراتی کاموں کے ماہر انجینئر کا کہنا ہے کہ جو پرانی ٹف ٹائل اکھاڑی گئی ہے وہ ٹیکسلا کی بنی ہوئی ہے اور 80MM کی ہے جبکہ جو ٹف ٹائل نئی لگائی گئی ہے وہ ناقص میٹریل سے بنی 60MM کی ہے جو کہ بارش اور وزن برداشت نہیں کر سکتی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کے حکم کی آڑ میں میونسپل کمیٹی کے کاریگر چیف آفیسر زوہیب حمید قریشی نے سرکار کو پانچ لاکھ روپے کا چونا لگایا ہے جبکہ اتاری گئی پرانی ٹف ٹائل کی مالیت بھی لاکھوں روپے میں بتائی جارہی ہے جس سے اب غائب کردیا گیاہے۔ وزیر اعلی پنجاب کے شکایات سیل کی وائس چیئرپرسن مہناز سعید جب رمضان بازار پہنچیں تو شہری ٹف ٹائل کی تبدیلی سمیت رمضان بازار میں ناقص اشیاء کی فراہمی پر پھٹ پڑے جس پر مہناز سعید نے شہریوں کو یقین دلایا کہ وزیر اعظم عمران خان کے نئے پاکستان میں عوامی روپیہ کسی کو ضائع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام کی شکایات وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے نوٹس میں لاؤنگی۔دوسری جانب پنجاب حکومت کی اہم شخصیت کے دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ظہور بھٹہ بار بار بلانے پر بھی رمضان بازار نہ پہنچے اس بارے میں ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ مہناز سعید کا تعلق مظفرگڑھ شہر سے ہے اور وہ یہاں کے لوگوں کو اچھی طرح جانتی ہیں اس لئے متوقع عوامی شکایات سے بچنے کے لئے اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ رمضان بازار میں نہیں آئے۔

Comments are closed.