قصور ڈپٹی کمشنر کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز قصور کلیم یوسف‘چونیاں عدنان بدر اور پتوکی اسامہ شیرون نیازی کا ناجائز منافع خوروں کیخلاف کریک ڈاؤن‘متعدد دوکانداروں کو 36ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ تفصیل کیمطابق اسسٹنٹ کمشنر زقصور کلیم یوسف نے کھڈیاں شہر اور قصور میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو چیک کیا اور ناجائز منافع خوری اور ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنے پر مختلف دوکانداروں کو 10ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔اس کے علاوہ انہوں نے سہولت بازار قصور میں بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور صفائی ستھرائی کو چیک کیا۔انہوں نے مختلف پٹرول پمپس پر پیمانے اور حفاظتی آلات کی بھی چیکنگ کی۔ اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر چونیاں عدنان بدر نے شہر کا دورہ کیا اور اشیائے ضروریہ‘سیمنٹ، کھادوں کی قیمتوں کو چیک کیا۔ اس دوران ناجائز منافع خوری پر متعدد دوکانداروں کو 21ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔اسسٹنٹ کمشنر پتوکی اسامہ شیرون نیازی نے بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کاجائزہ لیا اور متعدد دوکانوں پر ناجائز منافع خوری کرنیوالوں کو 5ہزار روپے جرمانہ عا ئد کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے مختلف ریسٹورنٹس کو چیک کیا اور ہدایت کی کہ کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ اس کے علاوہ انہوں نے مختلف پٹرول پمپس پر مقررہ ریٹس‘پیمانوں اور حفاظتی آلات کی چیکنگ کی اور مالکان کوصفائی ستھرائی اور کلین اینڈ گرین مہم کے سلسلے میں پودے لگانے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر پتوکی نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر مریضوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات اور صفائی ستھرائی کے نظام کو چیک کیا۔
ٹیگز: