اشیائے ضروریہ کی بے جا مہنگائی اور گرانفروشی پر قابو پانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سخت ہدایت

0
55

فیصل آباد(محمد اویس)ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سخت ہدایت کی ہے کہ ڈویژن بھر میں اشیائے ضروریہ کی بے جا مہنگائی اور گرانفروشی پر قابو پانے کے لئے جارحانہ اقدامات کئے جائیں اس سلسلے میں من مانی قیمتیں وصول کرنے والوں کا سختی سے محاسبہ کریں۔انہوں نے یہ بات ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں پرائس کنٹرول میکنزم پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔آر پی او غلام محمود ڈوگر،ڈپٹی کمشنر محمد علی،ایس ایس پی آپریشنز سید علی رضا،ایڈیشنل کمشنر محبوب احمد،ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید،ای اے ڈی اے عبدالرحمن ودیگر افسران موجود تھے جبکہ جھنگ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرزنے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ڈویژنل کمشنر نے واضح کیا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنا چاروں اضلاع کی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ صارفین کو مہنگائی مافیا سے بچایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فروخت کے ساتھ ان کے معیار اور وزن پر بھی گہری نظر رکھیں جبکہ غلہ منڈی اور سبزی منڈیوں کے آڑھتیوں وتاجروں سے قریبی رابطہ رکھیں تاکہ سبزیوں،پھلوں اورکریانہ کی اشیاء کی طلب کے مطابق سپلائی میں تعطل نہ آئے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کے لئے ناجائز منافع خوروں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔اس ضمن میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی روزانہ کی کارکردگی چیک کی جائے گی۔انہوں نے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ وہ سہولت بازار قائم کرکے صارفین کو آلو،پیاز،ٹماٹر،سیب،دالیں چاول،چینی،آٹا اور گھی ودیگر اشیاء کی مقررہ نرخوں پر فروخت کویقینی بنائیں۔آر پی او نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کے گرانفروشوں کے خلاف قانونی کارروائی کے سلسلے میں پولیس اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھارہی ہے اور عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر صارفین کو مختلف اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر فراہم کرنے کے لئے شہر میں چار سہولت بازار قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جو ماڈل بازار جھنگ روڈ کے علاوہ ریاض شاہد چوک،کلیم شہید پارک اور فیضان مدینہ چوک سوساں روڈ میں قائم ہونگے۔دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے پرائس کنٹرول میکنزم پر عملدرآمد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
۔۔۔///۔۔۔

Leave a reply