امن کے ا ستحکام کے لئے سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے،ڈپٹی کمشنر لودھراں
لودھراں۔ (اے پی پی) ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے کہا ہے کہ ضلع میں امن کے ا ستحکام کے لئے سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے اور مسلکی مسائل باہمی رابطوں سے حل کئے جائیں۔ انہوں نے یہ بات آج یہاں اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ ایمر جنسی بورڈ اور ضلعی امن کمیٹی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس مو قع پر اے ڈی سی جی عبد الطیف خان بلوچ،انتظامی افسران، مختلف مسالک کے نمائندہ علمائے کرام مولانا محمد میاں، ڈاکٹر شیر محمد اعوان، متحدہ انجمن تاجران کے صدر چو ہدری محمد سلیم، مرکزی انجمن تاجران کے صدر تاصم مسعود بٹ، ضلعی ناظم جماعت اہل سنت حافظ محمد اکرم کانجو، ڈاکٹر جعفر رضا، ضلعی نائب امیر جماعت اسلامی نواب عمر اورنگ زیب ایڈووکیٹ، عابد منگلا، نواب عبد الرحمن اور اقلیتی ممبر جیکب آفتاب اور دیگر ممبرز مو جود تھے۔ اجلاس میں مولانا محمد میاں نے کہا کہ رابطہ کاری سے ضلع لودھراں ڈویڑن کا پْر امن مثالی ضلع ہے۔ چوہدری سلیم نے کہا کہ متحدہ انجمن تاجران امن کے قیام و استحکام کے انتظامیہ کے ساتھ ہے۔ تاصم مسعود بٹ نے بھی تاجر برادری کی طرف سے ضلع کے امن کے لئے انتظامیہ سے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ ڈاکٹر جعفر رضا نے کہا ہے ہمارے کوئی باہمی اختلافات نہیں ہم شیعہ سنی اپنے ضلع میں امن کے لئے متحد اور سینہ سپر ہیں۔ اجلاس میں چہلم حضرت امام حسین رضہ کے انتظامات اور سیکیورٹی بارے امن کمیٹی ممبرز کو بھی بریف کیا گیا۔