فیصل آباد(نمائندہ باغی ٹی وی )ڈپٹی کمشنرطارق خاں نیازی کی ہدایت پر ضلع میں انسداد ڈینگی کی جاری مہم کے سلسلے میں محکمہ صحت کے زیر اہتمام تحصیل سمندری میں آگاہی واک منعقدہوئی جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر سمندری فیصل سلطان نے کی۔محکمہ صحت ودیگر محکموں کے افسران کے علاوہ این جی اوز کے نمائندے اور سول سوسائٹی کے افراد بھی شریک تھے۔واک اسسٹنٹ کمشنر آفس سے شروع ہو کر مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی واپس اسی مقامات پر پہنچ کراختتام پذیر ہوئی۔واک کے شرکاء نے آئیے ہم سب مل کر اپنے ماحول کو صاف ستھرارکھیں۔ڈینگی سے بچاؤ ممکن اوردیگر احتیاطی وانسدادی اقدامات پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔اسسٹنٹ کمشنرنے کہا کہ ڈینگی لاروا کے انسداد کے لئے بھرپور انسدادی اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم شہریوں کے تعاون کے بغیر مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے جاسکتے لہذا شہری گھروں اور ارد گرد صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھیں اور کسی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی ایک سماجی مسئلہ ہے جس سے بچاؤ احتیاطی تدابیر سے ہی ممکن ہے۔محکمہ صحت کے افسران نے بتایا کہ اینٹی ڈینگی ٹیموں کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس کا عمل جاری ہے اور ٹیمیں کباڑ خانوں،ٹائر شاپس،قبرستانوں،گھروں میں ڈینگی لاروا کی پیدائش وافزائش کو چیک کرکے ان کا صفایا کر رہی ہیں۔دیگر مقررین نے بھی ڈینگی کے انسداد کے لئے مشترکہ کاوشوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت پرزور دیا۔