ایف ڈی اے افسران اورسٹاف کے دیگر ارکان کو سرکاری فرائض میں غفلت پر مختلف محکمانہ سزائیں دیں
فیصل آباد(محمد اویس )فیصل آباد ترقیاتی ادارہ(ایف ڈی اے) کے سات افسران اورسٹاف کے دیگر 17ارکان کو سرکاری فرائض میں غفلت،لاپرواہی اور دفتری اوقات کی پابندی نہ کرنے پر مختلف محکمانہ سزائیں دی گئی ہیں جن میں ایک ڈائریکٹر،ڈپٹی ڈائریکٹر،اسسٹنٹ ڈائریکٹرز،3سٹینوگرافرز،3سب انجینئرز،ایک بلڈنگ انسپکٹر دو کلرک اور درجہ چہارم کے 7ملازمین شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر/ڈائریکٹر جنرل محمد علی نے چارج سنبھالنے کے بعد ماہ اکتوبر میں ایف ڈی اے کے دفاتر کا اچانک معائنہ کیا تو اس دوران بعض افسران وسٹاف کو ڈیوٹی سے غیر حاضراوردیگر دفتری قواعدوضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب پایا اور بعد ازاں بھی افسران وسٹاف کی حاضری اور دفتری کارکردگی کی مانیٹرنگ کی جاتی رہی لیکن خاطر خواہ اصلاح سامنے نہ آئی توڈپٹی کمشنر /ڈائریکٹر جنرل نے سرکاری فرائض سے پہلو تہی اور دفتری اوقات کی پابندی نہ کرنے والے قصور وارافسران وسٹاف کے خلاف محکمانہ سزاؤں کا فیصلہ کیا۔اس ضمن میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے عامر عزیز کی طرف سے جاری ہونے والے احکامات کے مطابق ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی حسن ظہیر کو 3دن کی تنخواہ کی کٹوتی کی سزادی گئی ہے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر الیکٹریکل عاصم محمود،اسسٹنٹ ڈائریکٹر انجینرنگ طلحہ تبسم،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹی پی II احمد ابراہیم،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمود عالم،اسٹیٹ آفیسر امتیاز علی گورایہ،سٹینوگرافرز یاسر اقبال،سب انجینئر رضوان احمد چیمہ،سب انجینئر محمد سعود،بلڈنگ انسپکٹرمحمد بلال،جونیئر کلرک فرقان پرویز کی دود،دودن کی تنخواہ کی کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ای ایم رابعہ مبشرہ،سب انجینئر عاصم اصغر،سٹینوگرافرانیب اسلم،جونیئر کلرک کچی آبادی عظیم صابر،نائب قاصد عمر اور بیلدارخرم شہزاد کو شوکاز نوٹسزجاری کرنے کے علاوہ سٹینوگرافر ایڈمن محمد طاہر کو شوکاز نوٹس کے بعد دوران انکوائری محکمانہ فرائض سے غفلت وعدم دلچسپی ثابت ہونے پراسے تنخواہ میں چارسالانہ انکریمنٹس روکنے کی سزا دی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر/ڈی جی محمد علی نے خبردار کیا ہے کہ سرکاری فرائض میں سست روی وعدم توجہی کی قطعاً گنجائش نہیں،دفتری نظم وضبط اوراوقات کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف محکمانہ ایکشن سے گریز نہیں کرینگے۔انہوں نے شہری ترقی اورعوامی بہبود کے حوالے سے ادارہ کی کارکردگی کے معیار میں ہمہ جہت بہتری لانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ایف ڈی اے کے سٹاف کو ہدایت کی ہے کہ دفتری امور میں شفافیت برقرار رکھی جائے اور تیزرفتار سروس ڈلیوری میں ان کی کارکردگی کے واضح نتائج نظر آنے چاہیں تاکہ ادارہ کی ساکھ بہتراورعوام کا اعتماد مضبوط ہو۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل عامر عزیز کے مطابق ایف ڈی اے کے افسران و سٹاف کی حاضری روپورٹ صبح نو بج کر پانچ منٹ پر ارسال کی جارہی ہے جس کا مقصد دفتری اوقات کی پابندی،سست روی کا خاتمہ اور ادارہ کی سروسز میں بہتری لانا ہے۔
۔۔۔///۔۔۔