فیصل آباد۔ (اے پی پی) ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد نے چھوٹے تاجروں کیلئے سیلز ٹیکس و انکم ٹیکس کے موجودہ نظام کی بجائے فکسڈ ٹیکس رجیم کے نفاذ کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ چیمبرکے عہدیداران و ممبران کاروباری، تجارتی و صنعتی طبقہ سے مل کر اس ضمن میں بھر پور جدو جہد کریں گے تاکہ تاجروں کے ٹیکس سے متعلق تحفظات دور کئے جا سکیں۔ایوان صنعت و تجارت کے صدر رانا محمد سکندر ا عظم خان نے کہا کہ افکسڈ ٹیکس لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے اور اس سلسلہ میں فیصل آباد میں قومی تاجر کنونشن کے انعقاد سمیت فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری کا اجلاس بلانے کی بھی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے اپنے دور صدارت کیلئے طویل روڈ میپ کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ ریفنڈ کی فوری ادائیگی، بیمار صنعتوں کی بحالی، ہر سیکٹر کے مسائل کے حل کیلئے ٹیکنو کریٹس پر مشتمل کونسلوں کے قیام، انڈسٹری واکیڈیمیا رابطوں میں اضافے، پاور لومز کیلئے ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں الگ زون،فیصل آباد شہر کی جامع ترقی کیلئے ڈویلپمنٹ فورم کے قیام، چیمبر کی مختلف وفاقی، صوبائی اور مقامی کمیٹیوں میں نمائندگی، فیصل آباد میں پاکستان فیڈریشن آف چیمبر ز آف کامرس اینڈانڈسٹری کے اجلاس اور تاجر کنونشن کے انعقاد، آر اینڈ ڈی کے شعبہ کو ٹھوس بنیادوں پر استوار کرنے اور ای کامرس کو روشناس کرانے کیلئے شعوری کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ایکسپو سنٹر کی جلد تعمیر، چھوٹے صنعتکاروں کیلئے رعایتی نرخوں پر قرض کی فراہمی اور کنسٹرکشن انڈسٹری کو مضبوط بنانے کیلئے ڈویلپر فورم کے قیام کے علاوہ غیر ملکی سفارتکاروں کو بھی فیصل آباد چیمبر میں مدعو کیا جائے گا جس کے ساتھ ساتھ برآمدات بڑھانے کیلئے دوسرے ملکوں کیلئے تجارتی وفود بھیجے جائیں گے جبکہ چیمبر کی ممبر شپ میں اضافہ کیلئے بھی کوششوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ چیمبر کی قائمہ کمیٹیوں کو مزید فعال اور متحرک کیا جائے گا نیز اہداف کے حصول کیلئے ایگزیکٹو اور سیکرٹریٹ کو بھی بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا۔

- Home
- پاکستان
- فیصل آباد
- ایوان صنعت و تجارت نے چھوٹے تاجروں کیلئے بڑا مطالبہ کردیا
ایوان صنعت و تجارت نے چھوٹے تاجروں کیلئے بڑا مطالبہ کردیا

Regional News6 سال قبل