بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 10 دہشتگرد ہلاک
راولپنڈی:بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 10 دہشتگرد ہلاک ،اطلاعات کے مطابق بلوچستان میں امن دشمنوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز نے 10 ملک دشمنوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں خفیہ معلومات پر آپریشن کیا، گھیرے میں آنے پر دہشت گردوں نے بھاگنے کی کوشش کی، اس دوران اندھا دھند فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
بیان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز نے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ مارے جانے والوں میں اہم کمانڈر ماسٹر آصف عرف مکیش شامل ہے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد تربت، پسنی کے حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث تھے۔
آپریشن کےدوران بھاری تعداد میں ہتھیار اور گولیاں برآمد کی گئیں، یہ ہتھیار سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں استعمال ہونا تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری رہیں گے، بلوچستان میں امن وترقی کاعمل سبوتاژ ہونے نہیں دیں گے۔
21 فروری کو آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر بلوچستان کے علاقے کوہلو کو گھیرے میں لیا تو ملک دشمنوں کی جانب سے فائرنگ شروع کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران کیپٹن حیدر عباس وطن پر قربان ہوگئے، شہید کیپٹن کا تعلق سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) سے تھا۔ شہید کیپٹن حیدر عباس کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کی گئی، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید ، حاضر سروس افسران، جوانوں، شہید کے لواحقین اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
16 فروری کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے بلیدہ کی انجیرکان پہاڑیوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، آپریشن ملک دشمن عناصر کے حمائیت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران فورسز کیساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے تھے، مارے جانیوالے دہشت گرد کیچ میں ہونے والی حالیہ تخریب کاری میں ملوث تھے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کرلی گئیں۔