بلوچستان یونیورسٹی میں پیش ہونے والے افسوسناک واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائے، محمد اکرم رئیسانی
کوئٹہ۔(اے پی پی) جامعہ بلوچستان ایڈمنسٹریٹو آفیسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اکرم رئیسانی نے کہا ہے کہ جامعہ بلوچستان ہماری مادر علمی ہے جس کی تقدس کو کسی صورت میں پامال نہیں ہونے دیا جائے گا،بلوچستان یونیورسٹی میں پیش ہونے والے افسوسناک واقعہ کی آڑ میں سوشل میڈیا پر معزز آفیسران،اساتذہ کرام اور دیگر ملازمین کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کی جارہا ہے،ان خیالا ت کااظہار انہوں نے جمعرات کو بلوچستان یونیورسٹی ایڈمنسٹریٹو آفیسرز ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوتے ہوئے کیا، اجلاس میں وائس چیئرمین نذیر لہڑی،جوائنٹ سیکرٹری عزیز لانگو،پریس سیکرٹری محمد اسماعیل پرکانی،فنانس سیکرٹری چاند حسین،مجلس عملہ کے ممبران عبداللہ مینگل سید احمد کاسی،قیصر محمود،لیاقت شاہ اور دیگر نے شرکت کی،اجلاس میں بلوچستان یونیورسٹی میں پیش ہونے والے واقعہ جس میں طلباء وطالبات کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کی سیکنڈل منظرعام آنے پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی،اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ بلوچستان یونیورسٹی میں طلباء وطالبات کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا سیکنڈل شرم ناک عمل ہے جس کی مکمل تحقیقات کی جائے جس میں ایسوسی ایشن بھر پور تعاون کریگی مگر بدقسمتی سے کچھ عناصر اس واقعہ کی آڑ میں سوشل میڈیا کے ذریعے جامعہ بلوچستان کے بعض آفیسران،اساتذہ کرام اور دیگر ملازمین کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کررہے ہیں اس لیے اس طرح کے عمل سے گریز کیا جائے اور جو لوگ بھی واقعہ میں ملوث ہے ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔