تھرپارکر۔مٹھی ۔ (اے پی پی) رکن صوبائی اسمبلی فقیر شیر محمد بلالانی نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی سے ملک میں معاشی و سماجی مسائل پیدا ہو رہے ہیں جس سے نمٹنے کیلئے بہبود آبادی کی خدمات سے فائدہ اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ یہ ایک قومی مسئلا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ بہبود آبادی سندھ کے تعاون سے بہبود آبادی تھرپارکر کی جانب سے عالمی مانع حمل طریقوں کا دن شہید بینظیر بھٹو کلچرل کامپلیکس مٹھی میں آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھرپارکر ضلع میں زیادہ تردیہی آبادی پر مشتمل آبادی ہے جہاں لوگوں کو محکمہ بہبود آبادی کی سہولیات فراہم کرنا بہت ضروری ہے جس کیلئے محکمہ بہبود آبادی تھرپارکر کو فور وہیل گاڑیاں فراہم کی جائیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں میں خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت و افادیت کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے پروگرام منعقد کئے جائیں کیونکہ ترقی یافتہ ممالک میں خاندانی منصوبہ بندی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

Shares: