مظفر آباد۔ (اے پی پی)آزاد کشمیر کی تاجر برادری نے بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی ترقی اور کامیابی کے لئے مکمل تعاون کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سید آفتاب حسین گیلانی کو بینک کا قائم مقام صدر مقرر کرنے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا کہ کشمیر بینک پر آزاد کشمیر کے عوام کا مکمل اعتماد ہے۔ آزاد کشمیر بینک بہت جلد کامیابی کے نئے زینے طے کرنے میں کامیاب ہو گا۔ پیر کو یہاں دارالحکومت کی تاجر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد نے اپنے چیئرمین عبدالرزاق خان کی زیر قیادت بینک ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور قائم مقام صدر سے ملاقات کی۔ وفد میں کمیٹی کے سیکریٹری جنرل بشارت مغل، چیف آرگنائزر تنویر انور قریشی سمیت میر امتیاز،خواجہ فاروق قادری، نثار الرحمان عباسی، شہزاد اعوان، مبارک شہباز، شفیق قریشی، پرویز زرگر اور دیگر شامل تھے۔ تاجر حضرات نے اس موقع پر سید آفتاب حسین گیلانی کو مبارکباد پیش کی اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ انھوں نے کہا کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر ریاست کا واحد بینک ہے جس کی دن دوگنی، رات چوگنی ترقی کے لئے تاجر برادری اپنے مالیاتی بزنس کا رخ اس بینک کی طرف موڑ دے گی۔ اس بینک کو کسی بھی صورت میں کامیاب بینک بنانے میں کاروباری طبقہ ہر ممکن کوشش کریں گے۔ قائم مقام صدر نے مکمل تعاون اور بینک پر اعتماد کرنے پر آزاد کشمیر کے ٹریڈرز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر کو صف اول کے بینکوں میں لا کھڑا کرنا ان کا نصب العین ہے۔ انھوں نے کہا کہ آزاد ریاست کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں بینک اپنا کردار ادا کرنے کا عمل تیز کر دے گا۔

Shares: