کوئٹہ۔(اے پی پی)جامعہ بلوچستان کے زیر اہتمام اور ملک کے تعلیمی اداروں کے اشتراک سے دو روزہ سمٹ انوینشن ٹو اینوویشن کا انعقاد جامعہ بلوچستان میں منعقد ہوا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر بلوچستان و چانسلر جامعہ بلوچستان جسٹس (ر) امان اللہ خان یاسین زئی تھے۔ جس میں جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال، تربت یونیوسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، سی ای او انسٹیٹیوٹ آف ریسرچ پروموشن/ڈی جی، یو ایم ٹی عابد ایچ کی شیروانی، ڈاکٹر مزمل بخاری، ملکی تعلیمی ماہرین، صوبے کے مختلف اداروں کے نمائندگان، اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے گورنر بلوچستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی خوشی کا باعث ہے کہ جامعہ بلوچستان چوتھا سمٹ کا انعقاد کررہی ہے کیونکہ جن موضوعات کا انتخاب کیا گیا ہے وہ اعلیٰ تعلیم کے حصول تحقیق، تجربات اور مستقبل کے منصوبوں کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں صوبہ بلوچستان تحقیق و تجربات کے حوالے سے انتہائی اہم ہے اور یہاں مختلف زرائع پر تحقیق کی جاسکتی ہے۔اصل میں تحقیق کا آغاز مسلمانوں نے کیا تھا لیکن اب مسلم امہ میں تحقیق کی کمی پائی جاتی ہے اورجن اقوام نے انہی اصولوں کو اپنایا وہ اب دنیا میں ترقی یافتہ اقوام کہلاتے ہیں اور ہمارے تحقیق دانوں میں انتہائی ٹیلنٹ موجود ہے اور زیادہ تر ہمارے اسکالرز نے اپنی پی ایچ ڈی بین الاقوامی اعلیٰ تعلیمی اداروں سے مکمل کی ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمارے تحقیق دان نئے ایجادات پر تحقیق کریں اور میں انشاء اللہ بلوچستان حکومت کی تعاون سے صوبے کے تمام جامعات کے تحقیق کے لئے فنڈ منتسب کروں گا تاکہ اسکالرزان مواقعوں سے استفادہ کرتے ہوئے بہتر تحقیق کے حصول کو ممکن بنا کرصوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چائنا اقت صادی راہداری ملک وصوبے سمیت پورے خطے کے لئے مفید ثابت ہوگا۔ جس سے ترقی کے نئے زرائع کھل جائیں گے اور جامعہ بلوچستان صوبے میں اعلیٰ تعلیم کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے اور یقیناصوبے کے طلباء و طالبات سمیت کاروباری اور مختلف شعبہ جات اس ٹیکنالوجی سمٹ سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے اداروں کو ترقی سے ہمکنار کرکے صوبے کے ترقی کے لئے اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔تقریب سے جامعہ کے وائس چانسلر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ بلوچستان صوبے کا قدیمی اور ملک کے اہم تعلیمی اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ ماضی میں جامعہ نے مختلف نشیب و فراز دیکھے ہیں۔ گزشتہ برسوں میں بہتر حکمت عملی اور ہم سب کی محنت و کاوشوں سے آج جامعہ بلوچستان ملکی و بین الاقوامی سطح پر اپنا اہم مقام رکھتا ہے۔جو کئی دہائیوں سے اعلیٰ تعلیم کے لئے کوشاں ہے۔ جس سے صوبے کے مختلف علاقوں میں سب کیمپسز میں اعلیٰ تعلیم کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔ اور یقینا سمٹ کے مختلف سیشن میں جدید ٹیکنالوجی، زراعت کی پیداوار میں اضافہ، کاروبار کے زرائع، تحقیق و تجربات کے اصول کے عنوانات اور ماہرین کے مقالہ جات سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔بعدازاں مہمان خصوصی نے جامعہ کے ایکسپو سینٹر میں جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی نمائش کا افتتاح کیا جس میں مختلف اداروں نے اپنے اسٹال لگائے ہوئے تھے۔ گورنربلوچستان نے تمام اسٹالز کا جائزہ لیا اور اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا۔

Shares: