جامعہ کراچی اوربرطانوی السٹر یوینورسٹی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

0
68

کراچی۔ (اے پی پی) جامعہ کراچی اوربرطانوی السٹر یوینورسٹی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق جامعہ کراچی کی جانب سے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی جبکہ السٹریونیورسٹی کی جانب سے ڈائریکٹرفار گلوبل انگیجمنٹ کیٹریونامیکارتھی نے مفاہمتی یادداشت پر د ستخط کئے۔تقریب میں رئیسہ کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر تبسم محبوب،شعبہ کمپیوٹر سائنس کے فیکلٹی ممبران اور کنٹری مینجر السٹر یونیورسٹی حمیر احمد بھی موجود تھے۔ مفاہمتی یا دداشت کا مقصد جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے طلبہ کو اسکالرشپ کی سہولت دینے کے ساتھ ساتھ مشترکہ تحقیق کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر کیتھریونا میکارٹی نے کہا کہ اس مفاہمتی یا دداشت کے تحت شعبہ ہذا کے فیکلٹی ممبران بھی السٹر یونیورسٹی جاکر وہاں پر موجود عصرحاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب،تکنیکوں اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کرسکیں گے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمپیوٹر سائنس کے شعبہ کو ترقی دینے کے لئے دونوں جامعات کوشاں ہیں جس کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مفاہمتی یادداشت سے دوطرفہ معلومات کا تبادلہ ہوگا اور دونوں جامعات کی فیکلٹی ایک دوسرے کے تجربات سے بھی فائدہ اُٹھائیں گے۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ ایسے پروگرامز طلبہ کے لئے بہت ہی معاون ثابت ہوتے ہیں کیونکہ وہ دوران تعلیم ہی اپنی جامعہ سے باہر جاکر اپنی پڑھائی کا کچھ حصہ مکمل کرتے ہیں جس سے ان کو نئی چیزیں سیکھنے اور سمجھنے میں بہت مدد ملتی ہے جو آگے چل کر ان کی پیشہ ورانہ زندگی میں کام آتی ہے۔ شیخ الجامعہ نے اس بات کو خوش آئند قراردیا کہ نہ صرف شعبہ ہذا کے طلبہ بلکہ فیکلٹی ممبران بھی اس مفاہمتی یادداشت کے ذریعے استفادہ کرسکیں گے۔ اکیڈمک ریسرچ اور مشترکہ سائنسی تحقیقات دونوں جامعات کے لئے سود مند ثابت ہوں گی اور آنے والے دنوں میں زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہوں گے۔ چیئرمین شعبہ کمپیوٹر سائنس ڈاکٹر صادق علی خان نے کہا کہ اس وقت شعبہ ہذا میں صبح وشام دونوں اوقات میں 2500 سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ ان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کی جا سکیں۔ تقریب کے اختتام پر کیتھریونامیکارٹی اورحمیر احمد نے چیئرمین شعبہ کمپیوٹر سائنس کے ہمراہ ایچ ای جے، شعبہ ویژول اسٹڈیز اور کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کا بھی دورہ کیا اور ان شعبہ جات کے ساتھ بھی کام کرنے کی خواہش اظہارکیا۔

Leave a reply