جنرل بس اسٹینڈ کے تمام 15 بلاکس میں ٹف ٹائل لگائی جائے گی، عامرخٹک
ملتان۔ (اے پی پی) ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے جنرل بس سٹینڈ کیلئے ٹریکس کی کارپٹنگ، مارکیٹوں میں ٹف ٹائل لگانے اور منظم سیکورٹی سسٹم قائم کرنے کے پراجیکٹ کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ بس اڈے کو گرین اینڈ کلین ملتان مہم کا حصہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں بس اور ویگن سٹینڈز پر عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ یہ اعلان انہوں نے جنرل بس اسٹینڈ کے دورہ کے موقع پر ٹرانسپورٹرز، آٹو سٹور مالکان اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ سیکرٹری آر ٹی اے کامران بخاری، اے سی شجاع آباد عابدہ فرید اور اے سی جلالپورپیروالا احمد رضا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بس اڈے کے تمام 15 بلاکس میں ٹف ٹائل لگائی جائے گی اور بس اسٹینڈ کے ٹریکس پر کارپیٹڈ روڈ تعمیر کئے جائیں گے۔ تمام بس ٹریکس اور مارکیٹوں میں سٹریٹ لائٹس لگائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کی غرض سے 6 واک تھروگیٹس اور 20 میٹل ڈیٹکٹر کا انتظام کیا جائے گا۔ بس اڈے میں 100 کلوز سرکٹ کیمرے لگائے جائیں گے اور کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جہاں سے سیکیورٹی کی صورتحال کو مانیٹر کیا جائے گا۔عامر خٹک نے کہا کہ بس اڈے کے مین گیٹس کو خوبصورت بنایا جائے گا۔ بس اسٹینڈ میں مختلف مقامات پرگندگی کیلئے 10کنٹینر اور 100 کوڑے دان رکھے جائیں گے۔اس کے علاوہ لاری اڈے میں بھرپور شجر کاری بھی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شجاع آباد اور جلالپور پیروالا بس اسٹینڈ کو بھی خوبصورت بنایا جائے گا۔