حافظ آباد چوہوں کی بہتات سے شہر میں طاعون جیسی موذی مرض پھیلنے کے خدشات،

حافظ آباد(نمائندہ باغی ٹی وی)حافظ آباد شہر میں چوہوں کی بھرمار نے شہریوں کا جینا محال کردیا جبکہ چوہوں کی بہتات سے شہر میں طاعون جیسی موذی مرض پھیلنے کے خدشات پیداہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق حافظ آباد شہر میں گذشتہ کئی ماہ سے ہزاروں کی تعداد میں موٹے موٹے چوہے گلی محلوں میں سرعام پھرتے دیکھائی دیتے ہیں۔ جبکہ یہ چوہے گھروں میں داخل ہوکر نہ صرف خوردونوش کی اشیاء کو بھی کھارہے ہیں بلکہ قیمتی اشیاء کو کاٹ کر بیکار کررہے ہیں۔ شہر میں چوہوں کی اس بڑھتی وباء نے شہریوں کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل انہوں نے اس قدر موٹے اور خطرناک چوہے نہ دیکھے ہیں۔ لیکن ابھی تک میونسپل کمیٹی یا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان خطرناک چوہوں کو مارنے کا کوئی سلسلہ شروع نہ ہوسکا ہے۔جس سے شہریوں میں دن بدن خوف و ہراس کی لہر سرایت کرتی چلی جارہی ہے۔ شہریوں نے میونسپل کمیٹی کے ارباب اختیار اور ضلعی انتظامیہ کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے کہ حافظ آباد شہر میں فوری طور پر چوہا مار مہم شروع کرکے خطرناک چوہوں کو خاتمہ کیا جائے اور شہریوں کو موذی امراض میں مبتلا ہونے سے بچایا جائے۔

Comments are closed.