حوالاتیوں نے کی پولیس بارے شکایت
شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی سے) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شیخوپورہ راؤ عبدالجبار خان سینئر سول جج کریمنل ڈویژن محترمہ آئیشم بن صادق اور جوڈیشل مجسٹریٹ سدرہ گل نواز کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل شیخوپورہ کا معائنہ کیا اور جیل میں قیدیوں اور حوالاتیوں کے مسائل سنے اور ان کی مشکلات کا جائزہ لیا متعدد حوالاتیوں نے شکایت کی کہ پولیس انہیں عدالتوں میں پیش نہیں کرتی جس کی وجہ سے ان کے مقدمات کی سماعت التواء کا شکار ہو رہی ہے ڈسٹرکٹ جج نے سپرٹینڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل کو ہدایت کی کہ ایسے تمام حوالاتیوں کی فہرست 24 گھنٹے میں پیش کی جائے جو تاریخ پیشی پر عدالتوں میں پیش نہیں کیے گئے ڈسٹرکٹ جج نے جیل کے باورچی خانہ ہسپتال اور خواتین بارک کا بھی معائنہ کیا اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ اس جیل میں بند ایڈز کے مرض میں مبتلاء ایک درجن سے زیادہ حوالاتیوں کو مکمل طور پر باقی قیدیوں اور حوالاتیوں سے علیحدہ رکھا جائے اور انہیں دوسرے قیدیوں کے ہمراہ عدالتوں میں بھی پیش نہ کیا جائے فاضل جج نے معمولی نوعیت کے 7 حوالاتیوں کو ان کے ذاتی مچلکوں پر رہا کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا