قصور۔(اے پی پی)صوبائی وزیر بہبود آبادی پنجاب کرنل (ر) محمد ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بچوں سے متعلقہ گھناؤنے جرائم کی مکمل روک تھام کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اور ضلع قصور میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر سینٹر کا قیام اسی حکمت عملی کا حصہ ہے،ماضی کی حکومتیں ایسے سانحات سے سبق سیکھتیں تو یہ بار بار رونما نہ ہوتے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج ٹی ایم اے ہال چوک میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب کے زیر اہتمام منعقدہ ایک آگاہی واک کے موقع پر مقامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب محترمہ سارہ احمد، ڈپٹی کمشنر قصور محمد اظہر حیات، اے ڈی سی آر قصور عابد حسین بھٹی، اے سی قصور انعم زید، پاکستان تحریک انصاف کی مقامی رہنما محترمہ مسز مزمل مسعود بھٹی و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر بہبود آبادی پنجاب نے کہا کتنے افسوس کا مقام ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے دیگر شعبوں کی طرح بچوں سے متعلقہ جرائم کی طرف بھی بالکل توجہ نہیں دی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی قابل ذکر کام انجام پا سکا یہی وجہ ہے کہ ضلع قصور ہی نہیں بلکہ وطن عزیز میں بچوں کی گدا گری، جبری محنت،ان کی بے حرمتی اور اغواء و قتل جیسے گھناؤنے جرائم کی روک تھام نہ ہو سکی۔وزیر بہبود آبادی پنجاب محمد ہاشم ڈوگر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اول روز سے ہر ایک شعبے میں انقلابی اصلاحات کا آغاز کیا ہے۔

Shares: