فیصل آباد( نمائندہ باغی ٹی وی) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال 2019-20 ء کے دوران ایکسپورٹ کوالٹی کی زرعی اجناس پیداکرنے کے لئے صوبہ کے ترقی پسند کاشتکاروں کو 2 بلین روپے کی سبسڈی فراہم کرنے کا فیصلہ کیاہے جس کے تحت ترقی پسند کاشتکاروں کو ایکسپورٹ کوالٹی کی سبزیوں، آم، سٹرس فروٹ، چاول پیداکرنے کیلئے دنیاکا جدید ترین انفراسٹرکچر اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی نیز مذکورہ معاونتی اقدام سے کاشتکار جدید زرعی آلات اور ایکسپورٹ کیلئے تمام تر لوازمات خرید کر زرعی اجناس پیداکرسکیں گے۔ محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ اس ضمن میں ترقی پسند کاشتکاروں کو 70 فیصد سبسڈی دی جائے گی جس کے برعکس 30فیصد رقم کسانوں کو خود خرچ کرناہو گی۔ انہوں نے کہاکہ زرعی اجناس تیار کرنے کیلئے کاشتکاروں کو اپنے فارمز پر انفراسٹرکچر بھی بنانا ہو گا۔ انہوں نے بتایاکہ جلد صوبائی سطح پر شیڈول کے اعلان کے بعد محکمہ زراعت توسیع کے حکام ہر ضلع کی سطح پر زرعی اجناس کے ترقی پسند کاشتکاروں سے درخواستیں وصول کریں گے۔ انہوں نے بتایاکہ سبسڈی کے حصول کیلئے سبزی کے ترقی پسند کاشتکاروں کے پاس کم ازکم 100ایکڑ، چاول کے کاشتکاروں کے پاس 250 ایکڑ، آم اور سٹرس فروٹ کے باغبانوں کے پاس 200ایکڑرقبہ کا ہونا ضروری ہو گا۔

حکومت کا کاشتکاروں کو دوبلین روپے کی سبسڈی فراہم کرنے کا فیصلہ
Shares: