حکومت کمر توڑ مہنگائی سے عوام کو بچانے کیلئے ضروری اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کرے، ترجمان فیصل ۱ٓباد چیمبر

0
46

فیصل آباد۔ (اے پی پی) ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے ترجمان نے کہا ہے کہ تنخواہ دار طبقے کیلئے مہنگائی کے حساس اعشاریوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ گراں فروش بھی ناجائز و غیر قانونی منافع خوری کے مرتکب ہوتے ہوئے عام آدمی کے ماہانہ بجٹ میں 15سے 20ہزار روپے اضافے کا باعث بن رہے ہیں لہٰذا حکومت کمر توڑ مہنگائی سے عوام کو بچانے کیلئے ضرور ی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کر کے ان کو فوری منجمد کرے تاکہ عوام اور تنخواہ دار طبقہ میں پائی جانے والی تشویش و بے چینی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خوردو نوش سمیت روز مرہ استعمال کی تمام چیزوں کی قیمتوں میں مسلسل نان سٹاپ اضافہ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دوسری جانب حکومتی اداروں کی انتہائی کمزور گرفت اور عملی طور پر ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کا وجود نظر نہ آنے کے باعث خود غرض، مفاد پرست ناجائز منافع خور طبقہ غیر قانونی طور پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر کے عام آدمی کے بجٹ میں اضافہ کا موجب بن رہا ہے لیکن اسے کوئی پوچھنے والا نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کیلئے کوئی میکنزم نہیں بنایا گیا جس کی وجہ سے گراں فروشوں کی جانب سے عوام کا استحصال کیا جارہا ہے نیز اس کے علاوہ تنخواہ دار طبقے کیلئے مہنگائی کے حساس ا عشاریوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے گھریلو بجٹ بنانا مشکل ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کی بدترین لہر آئے گی جو وطن عزیز کے کروڑوں غریبوں کو اپنے ساتھ بہا کر لے جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ضرور ی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کر کے ان کو فوری منجمد کرے جبکہ گراں فروشوں کے خلاف مؤ ثر مہم چلائی جائے اور گراں فروشی کرنے والوں کا ریکارڈ مرتب کیا جائے۔

Leave a reply