دنیا کا سب سے بڑا کشمیری پرچم، ورلڈ ریکارڈ بنانے کی تیاریاں مکمل 100 سے زائد تنظیمات کا مشترکہ پاور شو ہوگا
دنیا کا سب سے بڑا کشمیری پرچم، ورلڈ ریکارڈ بنانے کی تیاریاں مکمل، 100 سے زائد تنظیمات کا مشترکہ پاور شو ہوگا
دختر جنرل حمیدگل محترمہ عظمی گل، ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی کی مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی و اقلیتی برادری کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس
اسلام آباد : اسلام آباد کی 100 سے زائد تنظیمات کی نمائندگی کرتے ہوئے عظمیٰ گل دختر جنرل حمید گل، ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی،تاجر رہنما اجمل بلوچ،حریت رہنما شیخ عبدالمتین،نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر 20 اکتوبر کو کشمیر ملین مارچ کا اعلان کیا، جس میں کشمیر کا پانچ کلومیٹر لمبا پرچم لہرایا جائے گا، جس کا وزن 80 من، چوڑائی 12 میٹر ہوگی، جو کہ عالمی ریکارڈ بنے گا، اس سے قبل سب سے بڑے پرچم کا اعزاز کویت کے پاس ہے۔ عظمی گل نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ ہم اس ملین مارچ کو پانچ حصوں میں تقسیم کررہے ہیں، جناح ایوینیو پر ڈی چوک سے ایف 8 کے اشارے تک مارچ پھیلے گا۔ جموں کشمیر سالیڈیرٹی موومنٹ کے بینر تلے پہلا سٹیج خواتین کا ہوگا، دوسرا سٹیج چیمبر آف کامرس، بلیو ایریا، مزدور یونینز کا ہوگا، تیسرا سٹیج اساتذہ، طلبہ کا ہوگا، چوتھاا سٹیج کشمیری لیڈر شپ کا ہوگا، پانچواں اور آخری سٹیج کشمیر یوتھ الائنس،سول سوسائٹی،اقلیتی برادری کا ہوگا، انہوں نے بتایا کہ کشمیر کا طویل ترین پرچم لہرانے کیلئے 100 سے زائد تنظیمات نے ہمارے ساتھ نکلنے کا عزم کیا ہے،یہ تاریخی ملین مارچ اس بات کا اعلان ہے کہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہم حکومت پاکستان کو بھی یہ کہنا چاہتے ہیں کہ عالمی برادری کا ضمیرجھنجھوڑنے سے اب آگے کا سوچیں،ہم 80لاکھ کشمیریوں کو بھارتی جبر اور ہٹلرازم کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے،ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں سید علی گیلانی کا پیغام ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے گونجتا ہے تو 20 اکتوبر کو پاکستانی عوام کا جواب ہونا چاہیے کہ اے اہل کشمیری، تم پاکستانی ہو، پاکستان تمہارا ہے۔ میری گزارش ہے کہ ہر لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی عوام نکلیں اور ہمارا ساتھ دیں۔ پریس کانفرنس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے نمائندگان نے شرکت کی، جن میں سردارعثمان عتیق چیئرمین مسلم کانفرنس یوتھ ونگ، آل پاکستان انجمن تاجران کے اجمل بلوچ، چیمبر آف کامرس سے چوہدری ساجد سرور، ٹریڈرز ویلفیئر سے یوسف راجپوت،حریت رہنما شیخ عبدالمتین،پیرعظمت سلطان صدرعالمی تحریک پنجتن، سیکرٹری جنرل سی ڈی اے مزدور یونین چوہدری یاسین، محمد احمد گل رہنماجموں کشمیر سولیڈیرٹی موومنٹ، رضی طاہر سیکرٹری جنرل کشمیر یوتھ الائنس،اقلیتی برادری کے نمائندگان اوم پرہار اوردیپک سنگھ شریک تھے