راولپنڈی۔ (اے پی پی) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم اور انسداد ڈینگی مہم راولپنڈی کے فوکل پرسن راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے آزاد کشمیر کے زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے کھانے پینے کی اشیاء، کمبل اور رہائشی خیموں پر مشتمل سامان کے ٹرک بھجوا دئیے ہیں۔ ڈینگی ایمرجنسی کے باوجود حکومت اپنے کشمیری متاثرہ بھائیوں کے ساتھ بھی کھڑی ہے۔ انہوں نے یہ بات انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں شہر کے مختلف حصوں کے دورے کے دوران عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہو ں نے کہا کہ وہ ایک جانب محکمہ صحت بالخصوص ہسپتالوں کی انتظامیہ سے ڈینگی مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے مسلسل رابطے میں ہیں اور دوسری جانب ڈینگی مچھروں کی افزائش کے اسباب کو ختم کرنے اور عوامی شعور کی بیداری کیلئے ہر جگہ جا رہے ہیں۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ عوامی فلاح کا کوئی بھی کام عوام کے اپنے تعاون کے بغیر پوری طرح کامیاب نہیں ہو سکتا۔ انسداد ڈینگی اور ڈینگی کا شکار ہونے سے بچنے کیلئے ہم گھر گھر شعور پھیلا رہے ہیں جس کے نتیجے میں ڈینگی کی شدت میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے تاہم عوام کو چائییے کے وہ اپنے گھروں میں مکمل صفائی ستھرائی اور مچھر مار سپرے کا اہتمام کریں اور ہر دوسرے تیسرے دن اس عمل کو دہراتے رہیں. صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈینگی ایمرجنسی کے باوجود وزیر اعلی پنجاب نے پوری توجہ کے ساتھ آزاد کشمیر کے زلزلہ سے متاثرہ بھائیوں کا بھی خیال رکھا اور ضروری سامان پر مشتمل 9 ٹرک میر پور روانہ کر دئیے گئے ہیں. پنجاب حکومت آئندہ بھی یہ امداد جاری رکھے گی اور اگر ضرورت پڑی تو متاثرہ علاقوں میں محکمہ صحت کی ٹیمیں بھی روانہ کی جائیں گی جو متاثرین کو طبی امداد فراہم کریں گی۔

زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے کھانے پینے کی اشیاء، کمبل اور رہائشی خیموں پر مشتمل سامان بھجوا دیا گیا ہے، راجہ راشد حفیظ
Shares: