قصور۔17اکتوبر(اے پی پی)ترجمان محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو سبزمرچ کی پنیری کی کاشت31اکتوبرتک مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے اورکہا ہے کہ مرچ کی پنیری کی کاشت کیلئے رواں ماہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے نیزکمرشل بنیادوں پر کاشت کے علاوہ گھریلوسطح پربھی عوام رواں ماہ کے دوران سبزمرچ کی پنیری کاشت کرسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سبزمرچ کی پنیری کی کاشت کیلئے منظور شدہ اقسام کے بیج گولہ پشاوری اورنانا پوری کا انتخاب کرناچاہئیے تاکہ سبزمرچ کی بہترین پیداوار حاصل ہوسکے۔ انہوں نے بتایا کہ سبزمرچ کی پنیری کی کاشت کیلئے میرا‘ہلکی میرااورایسی زمین کا انتخاب کیاجاناچاہئیے جہاں پانی کا اچھانکاس موجودہو۔انہوں نے کہا کہ زمین کی تیاری سے قبل گوبرکی گلی سڑی کھاد ڈیڑھ من فی مرلہ کے حساب سے ڈالنے کے بعد زمین میں ایک میٹرچوڑی کیاریاں بناتے ہوئے 4سے5مرلہ میں 2سے3انچ تک لائنوں کے درمیان فاصلہ پر آدھاکلوگرام بیج کاشت کرناچاہئیے۔

Shares: