سری لنکن کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی راہ ہموار ہوگئی، سید جنید علی شاہ

0
47

کراچی۔ (اے پی پی) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر اور سابق صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی راہ ہموار ہوگئی ہے، امید ہے اب دیگر ممالک کی ٹیمیں بھی پاکستان کا رخ کریں گی، سری لنکن ٹیم اور ان کے کرکٹ بورڈ نے پاکستان کو محفوظ ملک قرار دیا ہے۔ ہفتہ کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا جس میں انہوں نے پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کروانے کا اعلان کیا ہے۔ ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا کہ سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھ کر پی سی بی نے دانشمندانہ فیصلہ کیا ہے تاہم اب سرفراز کو اپنی اہلیت ثابت کرنا ہوگی خاص طور پر بیٹنگ کے شعبہ میں انہیں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان کے تمام سیکوریٹی اداروں اور سندھ حکومت کو بھی سری لنکن ٹیم کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے مقابلے شائقین کے لئے دلچسپی کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے کراچی کے عوام سے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اسٹیڈیم جاکر اپنی اور مہمان ٹیم کی حو صلہ افزائی کرکے یہ ثابت کریں کہ کراچی کرکٹ سے محبت کرنے والوں کا شہر ہے۔

Leave a reply