سنوکر کے عالمی فاتح محمد آصف کا ڈپٹی کمشنر آفس میں استقبال
فیصل آباد (محمد اویس)ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ سنوکر کے عالمی فاتح محمد آصف کا اپنے دفتر میں استقبال کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)فضل ربی چیمہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) میاں آفتاب احمد،اسسٹنٹ کمشنرز زوہا شاکر،نازیہ موہل،عمردرازگوندل،فیصل سلطان،خرم شہزاد بھٹی،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر رانا حماد اقبال،ایڈمن آفیسرریاض حسین انجم ودیگر افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے سنوکر میں دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے والے فیصل آباد کے سپوت کھلاڑی محمد آصف کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی عظیم کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستانی قوم کو اس پر بے حد فخر ہے جس نے سنوکر کے عالمی مقابلوں میں بہترین کارکردگی اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی پرچم کو بلند کیا۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نہ صرف باصلاحیت کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی بلکہ مختلف کھیلوں کے فروغ وترقی اورکھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے سنوکر کے کھیل کی ترقی کے لئے ضلعی انتظامیہ کے بھرپور تعاون کایقین دلایا۔سنوکر کے عالمی چیمپئن محمد آصف نے بھر پور حوصلہ افزائی اور پرتپاک استقبال کرنے پر ڈپٹی کمشنر محمد علی ودیگرافسران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اللہ تعالی کے خاص فضل وکرم سے ان کی کامیابی پاکستانیوں کی دعاؤں کا نتیجہ ہے اور عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد فیصل آباد کے شہریوں کے گرانقدر پیارومحبت کا ممنون ہوں۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر سنوکر کے عالمی چیمپئن محمد آصف کو ایک لاکھ روپے کے نقدانعام سے نوازا اور کہا کہ ان کی مزید حوصلہ افزائی بھی کریں گے۔
۔۔۔///۔۔۔