کوئٹہ۔ (اے پی پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے چیئرمین سینیٹر سرداریعقوب خان ناصر نے کامیاب نیشنل پارلیمنٹیرین کشمیر کانفرنس کے انعقاد پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چار صوبوں اور آزاد کشمیر کی پارلیمانی قیادت کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرکے ایوان بالا کے چیئرمین نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حوصلہ اور توانائی بخشی ہے، ملک کی سیاسی اور مذہبی جماعتیں تمام تر اختلافات بھلا کر مسئلہ کشمیر کے لیے ایک پیج پر ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر نے کہا کہ نام نہاد جمہوریت کے علمبردار ہندوستان نے کشمیریوں کو نبیادی ضروریات سے محروم کرکے مقبوضہ کشمیر کو کربلا بنادیا ہے مگر کشمیریوں کے حوصلے بلند اور تحریک ازادی کشمیر فیصلہ کن موڑ میں داخل ہو گئی ہے انہوں نے کہا کہ کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ ایک حقیقت بن چکا ہے اور 45 روز سے اپنے گھروں میں محصور، خوراک اور ادویات کی کمی کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کی غلامی تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے، سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر نے کہا کہ کشمیریوں کا قتل عام بند نہ ہوا تو پورے خطے کا امن داو پر لگ جائے گا اس لیے بھارت کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرادادوں و کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لیے انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی طاقتوں کو متحرک کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں اور تمام اقلیتوں کو ازادی رائے اور جینے کی ازادی نہیں ہے مگر پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگوں کو مکمل ازادی ہے اور بڑی تعداد میں اقلیتوں کے نمائندے پارلیمنٹ کے ممبران ہیں۔

Shares: