شجاع آباد (نمائندہ باغی ٹی وی) ہمارے ملک کی معیشت میں کپاس کی فصل کا اہم کردار ہے،کپاس پر حملہ آور گلابی سنڈی کا بروقت تدارک کر کے فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے کاشتکار اور محکمہ زراعت اپنا کردار ادا کرے، ڈاکٹر عابدہ فرید
گوسپ پی بی روپس سے ہی گلابی سنڈی کا تدارک ممکن ہے،عوام اور کاشتکار ٹڈی دل کے حملے کی صورت میں محکمہ زراعت کو اطلاع دیں، رانا محمد عارف
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ڈاکٹر عابدہ فرید نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت رانا محمد عارف کے ہمراہ شجاع آباد موضع بستی مٹھو غربی میں ملک کوثر حسین کھاکھی کے کپاس کے فارم پر گلابی سنڈی کے تدارک کیلئے گوسپ پی بی روپس لگانے کا معائنہ کیا اس موقع پر پی بی روپس لگانے کا عملی مشاہدہ کیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ڈاکٹر عابدہ فریدنے کہا کہ کپاس کی فصل اس علاقے کی اہم فصل ہے اور ہمارے ملک کی معیشت میں اس فصل کا اہم کردار ہے لہٰذا کپاس کی فی ایکڑ پیداوار کو بڑھانے کیلئے کاشتکار اور محکمہ زراعت اپنا کلیدی کردار ادا کررہے ہیں اور کپاس پر حملہ آور کیڑوں خصوصاً گلابی سنڈی اور جڑی بوٹیوں کا بروقت تدارک کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ عملہ پیسٹ سکاﺅٹنگ میں کاشتکاروں کی رہنمائی کریں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت شجاع آباد رانا عارف نے بتایا کہ گوسپ پی بی روپس سے ہی گلابی سنڈی کا تدارک ممکن ہے۔ عوام اور کاشتکار ٹڈی دل کے حملے کے حوالے سے ہوشیار رہیں اور ٹڈی دل کے حملے کی صورت میں محکمہ زراعت کو اطلاع دیں۔ رانا اظہر منیر باغی ٹی وی ملتان شجاع آباد

شجاع آباد : کپاس ہماری ملکی معیشت کا اہم حصہ ہے
Shares: