لودھراں ۔(اے پی پی)ڈپٹی کمشنر راؤ امتیا زاحمد نے کہا ہے کہ صفائی نہ کرنے والوں اور کھلا پانی ذخیرہ کرنے والوں کو نوٹس جاری کریں اور ان کے خلاف انسداد ڈینگی کے حوالے سے غفلت کے ارتکاب پر ایف آئی آر درج کرائیں۔ انہوں نے یہ بات آج یہاں روزانہ کی بنیاد پر منعقدہ انسداد ڈینگی کمیٹی کے اجلاس میں محکمہ صحت اور مانیٹرنگ کرنے والے معاون محکموں کی کارکردگی کاجائزہ لیتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید محمد عباس شاہ، چیف ایگزیکٹوآفیسر ہیلتھ ڈاکٹر محمداکرم، ڈی ایچ او ڈاکٹر وسیم اقبال، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر عامر بشیراور دیگر محکموں کے سربراہ موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر راؤ امتیا زاحمد نے مزیدکہاکہ قبرستانوں میں پرندوں کے پیالوں میں ناقابل استعمال جگہوں پر پانی کے خاتمے کیلئے خصوصی اقدامات کریں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ نو تعمیر عمارات کی جگہوں پر بھی پانی نہ کھڑا ہونے دیں اور پانی کی ٹینکی والی عمارتوں کی چھتوں کی بھی مانیٹرنگ کریں۔ اجلاس میں محکمہ تعلیم، زراعت، دارالامان، کالجز، ماحولیات، لوکل گورنمنٹ مارکیٹ کمیٹی اور ضلع کونسل کے افسران بھی موجودتھے۔

Shares: