ضلع فیصل آباد میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے اقدامات کے سلسلے میں خانہ پری قابل قبول نہیں
ضلع فیصل آباد میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے اقدامات کے سلسلے میں خانہ پری قابل قبول نہیں اس ضمن میں متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور ڈینگی لاروا کے صفایا کے لئے ٹیمیں فیلڈ میںنظر آنی چاہیں ۔ یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( جنرل ) میاں آفتاب احمد نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر وبائی امراض ڈاکٹر بلال احمد نے سرویلنس سرگرمیوںسے آگاہ کیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی و صدر شمائلہ منظور ‘ نازیہ موہل ‘ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا ‘ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران ڈاکٹر محمد آصف شہزاد ‘ ڈاکٹر عدنان محمود ‘ فوکل پرسن الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر معصومہ سردار ‘ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران ‘میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ‘ سول ڈیفنس ‘ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ‘ واسا ‘ پی ایچ اے‘ اوقاف ‘ فشریز ‘ لیبر ‘ ہائر ایجوکیشن ‘ ٹیوٹا ‘ میونسپل کارپوریشن ‘ ضلع کونسل ‘ میونسپل کمیٹیز اور دیگر محکموں و اداروں کے افسران موجود تھے۔ صدر اجلاس نے واضح کیا کہ آئندہ موسم برسات میں ڈینگی لاروا کی افزائش کے خطرات موجود ہیں لہذا انتہائی سنجیدہ انداز میںمتحرک رہاجائے اور ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا صفایاکرنے کے علاوہ شہریوںمیںآگاہی کا سلسلہ جاری رکھیں۔ انہوںنے بعض محکموں کی طرف سے اینڈ رائڈ موبائل فونز کے ذریعے ڈینگی لاروا کے انسداد کی کارروائیوں میںعدم دلچسپی پر وارننگ دی اورکہا کہ محکموں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے لہذا عدم توجہی سے گریز کریں بصورت دیگر محکمانہ کارروائی ہوگی ۔انہوںنے قبرستانوں ‘ پارکوں ‘ نرسریوں‘ ٹائر شاپس اور دیگرمشتبہ جگہوںپرخصوصی توجہ مرکوز رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ سرویلنس سرگرمیوںکے بہترین نتائج سامنے آنے چاہیں۔ ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر وبائی امراض ڈاکٹر بلال احمد نے بتایا کہ رواں سال اب تک 368 ان ڈور او 201 آﺅٹ ڈور مقامات سے ڈینگی لاروا کو تلف کیا گیا۔ انہوںنے بتایا کہ ویکٹر سرویلنس روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے جبکہ ڈاکٹرز و سٹاف کی ٹریننگ کے علاوہ شہریوں کی آگاہی کے لئے احتیاطی و انسدادی اقدامات پر بھی عمل پیرا ہیں۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے نمائندہ ڈاکٹر عدنان نے محکموں کی اینڈرائڈ موبائل فونز کے ذریعے ماہانہ کارکردگی سے آگاہ کیا۔