فیصل آباد (اے پی پی)عشرہ محرم الحرام کے دورا ن امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کیلئے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144کے تحت فیصل ۱ٓباد سمیت صوبہ کے تمام اضلاع میں خوف وہراس اور سنسنی خیز بے بنیاد اور حقائق کے منافی افواہیں پھیلانے،امن وامان میں خلل ڈالنے والے قابل اعتراض تحریروں پر مبنی بینرز، پمفلٹس، پوسٹرز، ہینڈ بلز کی اشاعت،لٹریچر کی تقسیم اور وال چاکنگ کرنے پر فوری طور پر سختی سے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایاکہ محکمہ داخلہ کے ان احکامات کے تحت کسی بھی ضلع کی ریونیو حدود میں محرم الحرام کے جلوسوں ومجالس کے علاوہ دیگر مقامات پر پانچ یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے،قابل اعتراض اور مذہبی منافرت پر مشتمل آڈیوو وڈیوکیسٹس کی ریکارڈنگ،فروخت اور چلانے، اشتعال انگیز تقاریر کرنے، نعرے لگانے اور آتشیں اسلحہ ودیگر ہتھیاروں کی نمائش و لیکرچلنے کی ممانعت ہوگی جبکہ محرم کے جلوسوں ومجالس وغیرہ دیکھنے کیلئے مکانوں ودکانوں اور دیگر عمارتوں کی چھتوں پر جمع ہونے اور محرم جلوسوں ومجالس کے راستوں پر ہر قسم کی تجاوزات کھڑی کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔انہوں نے بتایاکہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور بعدازاں کوئی عذر قابل قبول نہ ہوگا۔

Shares: