عشق رسولؐ ہمارے ایمان کا حصہ اورہم سے تقاضا کرتا ہے کہ آپؐ کے فرامین کو کما حقہ مانیں۔ بیگم ڈپٹی کمشنر

فیصل آباد(محمد اویس)لیڈیز کلب پروین شاکر کمپلیکس کے زیراہتمام جشن عیدمیلادالنبیؐ کی تقریبات کے سلسلے میں پروین شاکر کمپلیکس میں خواتین کی محفل میلاد منعقد ہوئی۔بیگم ڈپٹی کمشنر اس موقع پر مہمان خصوصی تھیں جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عاصمہ اعجاز چیمہ،ایم پی اے فردوس رائے،روبینہ امجد،پرنسپل گرلز ڈگری کالج ایوب ریسرچ ڈاکٹر سائرہ خانم،دیگر تعلیمی اداروں کی پرنسپلز،طالبات اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی محفل میلاد میں شریک تھیں۔محفل میلاد کے دوران ذکر الہی،نعت خوانی اور درودوسلام پیش کیا گیا۔محفل میلاد سے اظہار خیال کرتے ہوئے بیگم ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عشق رسولؐ ہمارے ایمان کا حصہ اورہم سے تقاضا کرتا ہے کہ آپؐ کے فرامین کو کما حقہ مانیں اور ان پر عمل پیرا بھی ہوں۔انہوں نے کہا کہ آقائے دوعالم حضرت محمدؐ کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ اور باعث سعادت وشفاعت بھی ہے لہذا ہمیں اپنی زندگیاں سیرت النبیؐ کے مطابق گزارنی چاہیں۔انہوں نے محفل میلاد میں خواتین کی بھرپور شرکت کو سراہا اور کہا کہ ایسی بابرکت محافل میں شرکت کرکے دلی اطمینان اور روح تازہ ہوتی ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس نے کہا کہ نعت گوئی عشق رسولؐ سے محبت کا بہترین اظہار ہے اور آپؐ کی تعلیمات پر صدق دل سے عمل پیرا ہو کر ہی ہم مسائل پر قابو پاسکتے ہیں۔انہوں نے محفل میلاد میں شرکت پر بیگم ڈپٹی کمشنر،ایم پی اے اور دیگر خواتین کا شکریہ ادا کیا۔ایم پی اے فردوس رائے نے کہا کہ نبی کریمؐ اعلیٰ اقدار،حسن اخلاق،امانت وصداقت کے پیکر ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم نبی کریمؐ کے طرز عمل پر اپنی زندگی کو سانچے میں ڈھالنے کی کوشش کریں۔آخر میں ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی،امن وسلامتی اوربھائی چارے کی دعا بھی کی گئی۔
۔۔۔///۔۔۔

Comments are closed.