گلگت۔ (اے پی پی)صدر تحریک انصاف گلگت بلتستان جسٹس (ر) سید جعفر شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں مسلم امہ کا بیانیہ پیش کرکے دنیا بھر کے مظلوم اور مصائب میں گرے ہوئے مسلمانوں کا دل جیت لیا،وزیراعظم نے بھارت اور مودی کا چہرہ دنیا میں بے نقاب کیا اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے مظالم پر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک بیان میں کیا۔سید جعفر شاہ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے کشمیریوں کی امید کو روشن کردیا، اب مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کو ایک نئی روح ملے گی، دنیا بھر کے مسلمان وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ میں دلیرانہ موقف اور امن پسندانہ رویے پر انھیں خراج تحسین پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا میں بڑی جمہوریت کا ڈھونگ رچارہا ہے جبکہ وہاں بلخصوص مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے، ایسی صورتحال میں دنیا کو بھارت کا مکروہ اور ظالمانہ چہرہ دکھانا بہت ضروری تھا اور اس سلسلے میں وزیراعظم پاکستان نے دنیا بھر کے مظلوموں بالخصوص مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی بھرپور ترجمانی کی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، ایران،امریکہ اور افغانستان کے لیے وزیراعظم عمران خان امن کی امید بن کر ابھرے ہیں، خطے میں امن، ترقی اور غربت کے خاتمے کیلیے وزیراعظم عمران خان کا کردار تمام عالمی رہنماؤں کے لیے قابل تقلید ہے۔

عمران خان نے اقوام متحدہ میں مسلم امہ کا بیانیہ پیش کرکے مظلوم مسلمانوں کا دل جیت لیا، جسٹس (ر) سید جعفر شاہ

Regional News6 سال قبل