فیصل آباد۔ (اے پی پی) فیصل آباد الیکٹر ک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو نے کہاکہ اگر فیسکو کا کوئی افسر یا اہلکار بجلی چوری میں ملوث پایا گیا تو اسے معطلی کے ساتھ ساتھ نوکری سے بھی ہاتھ دھونا ہوں گے جبکہ کمپنی کے تمام ملازمین صارف دوست رویہ اختیار کریں اور کمبائنڈ ایفیشینسی انڈیکس میں فیسکو کی بہترین پوزیشن کو برقرار رکھنے کیلئے کسی غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیاجائے بصورت دیگر ذمہ داران کے ساتھ کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اگر کسی جگہ پر بجلی چوری کے خلاف کاروائی میں کسی تا خیر کامظاہرہ کیاگیاتو اسے برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ فیسکو نے تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں سب سے زیادہ ریکوری اور سب سے کم لائن لاسز کے ضمن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے تاہم اس مقام کو چیلنج سمجھ کر برقرار رکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ پاور لائنوں پر کام کرنے والے اہلکار حفاظتی آلات کے بغیر کام نہ کریں ور سیفٹی کیلئے اقدامات کو مد نظر رکھا جائے۔ انہوں نے بتایاکہ ٹرانسفارمر ری کلیمیشن ورکشاپ نے بھی پوری استعداد کے ساتھ کام شروع کردیا ہے۔

Shares: