فیصل آباد، باصلاحیت اور ہونہار کھلاڑیوں کی جدید خطوط پر عمدہ تربیت کے علاوہ کھیلوں کا سامان فراہم کیا گیا

0
68

فیصل آباد، ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے کہا ہے کہ ڈویژنل انتظامیہ کی طرف سے باصلاحیت اور ہونہار کھلاڑیوں کی جدید خطوط پر عمدہ تربیت کے علاوہ کھیلوں کا سامان فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں اپنے کھیل کو نکھارنے میں کوئی کمی محسوس نہ ہو۔انہوں نے یہ بات ڈویژنل انتظامیہ کے زیراہتمام بوہڑانوالی گراؤنڈ میں انڈر17کرکٹ سمر ٹریننگ کیمپ میں شامل کھلاڑیوں میں کرکٹ کٹس تقسیم کرتے ہوئے کہی۔ایم پی اے چوہدری لطیف نذر،اسسٹنٹ کمشنر(جنرل)مصور نیازی،ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر،کرکٹ سٹار سعید اجمل،ایم این اے میاں فرخ حبیب کے بھائی میاں نبیل احمد،عبدالماجد،کرکٹ کوچ انجم مشتاق ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے کرکٹ کی تربیت اور مقابلوں میں بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرنے پر کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ بھرپور محنت کے ذریعے کرکٹ کے کھیل میں عبور حاصل کرکے ملک وقوم کا نام روشن کریں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور انہیں کھیلوں کی زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے حکومتی ویژن کے مطابق اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لایا جائے گا جبکہ ڈویژن بھر میں کھیلوں کے گراؤنڈ کے قیام کیلئے مربوط انداز میں منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔انہوں نے انڈر 17کرکٹ سمر ٹریننگ کیمپ کے کامیاب انعقاد کے سلسلے میں ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر اوران کی دیگر ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں مزید اضافہ کرنے کے لئے مختلف سطح کے مقابلوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ نوجوانوں کو کھیلوں ہی میں مصروف رکھ کر صحت مند معاشرے کی بنیادوں کو مضبوط بنایا جاسکے۔ایم پی اے چوہدری لطیف نذر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کرکٹ سمر ٹریننگ کیمپ کے انعقاد کو انتہائی خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد کرنا وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی حکومت کا مشن ہے اس ضمن میں نوجوانوں کو مختلف معیاری کھیلوں میں شمولیت کے بھرپور مواقع فراہم کرنے کے مربوط پروگرام پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔انہوں نے کرکٹ کے فن کا بہترین اظہار کرنے پر انڈر 17کھلاڑیوں کو داددی اور کہا کہ کرکٹ کا سامان فراہم کرکے انہیں خود انحصار اورپر اعتماد بنایا گیا ہے۔کرکٹ سٹار سعید اجمل نے کرکٹ کے فروغ میں ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی کی خصوصی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کرکٹ سمر ٹریننگ کیمپ کو احسن قدم قرار دیا اور کرکٹ کی ہر اکیڈمی میں نوجوان کھلاڑیوں کو بلامعاوضہ تربیت فراہم کرنے کی پیش کش کی۔انہوں نے کرکٹ کے زیادہ سے زیادہ گراؤنڈ تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ وسیع سہولیات سے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو فروغ حاصل ہوگا۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر نے بتایا کہ ڈویژنل کمشنر کی ہدایت پرفیصل آباد ڈویژن کے انڈر17کھلاڑیوں کے لئے کرکٹ سمر ٹریننگ کیمپ ایک ماہ جاری رہا جس میں 200کھلاڑیوں میں سے منتخب ہونے والے 40ہونہار کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ان کھلاڑیوں کی چار ٹیمیں تیار کرکے میچز کا انعقاد کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ کیمپ کے اختتام پر ان کھلاڑیوں میں کرکٹ بیٹ،پیڈ،گلوز اوردیگر سامان پر مشتمل کٹس فراہم کی گئی ہیں.

Leave a reply