فیصل آبار (اے پی پی) فیصل آباد کے علاقہ جھنگ روڈ پر بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے قریب تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق اور ایک راہیگر شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس تھانہ جھنگ بازار اور ریسکیو 1122کے ترجمان نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار 26سالہ علی شاہ تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی عمارت کے قریب جھنگ روڈ پر جا رہا تھا کہ ایک تیز رفتار ٹرک نے چنگ چی رکشہ کو اوور ٹیک کرتے ہوئے اسے ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہو گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ حادثے میں 35سالہ راہگیر شدید زخمی ہو گیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور جاں بحق و زخمیوں کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کیا۔ فرار ہونے والے ٹرک ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔

Shares: