فیصل آباد، ماحولیاتی تحفظ کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔ ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی

0
98

فیصل آباد ( ) ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کے لئے ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا شدت سے احساس کرنا چاہئے۔ اس سلسلے میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں تاکہ موسمیاتی تغیر کے مسائل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکیں۔ انہوں نے یہ بات پی ایچ اے کے زیر اہتمام گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول پیپلزکالونی کے بالمقابل گرین بیلٹ میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت پودا لگاتے ہوئے کہی۔ چیئرمین پی ایچ اے / ایم پی اے لطیف نذر نے بھی مہم کے سلسلے میں پودا لگایا جبکہ ڈی جی پی ایچ اے محمد آصف چوہدری‘ ایڈیشنل کمشنرز رائے واجد علی‘ محبوب احمد‘ اسسٹنٹ کمشنر (ریونیو) ڈاکٹر انعم ساجد ملک‘ ڈائریکٹر پبلک سکولز چوہدری محمد اشرف و دیگر افسران نے بھی شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ مہذب اور ترقی یافتہ قومیں ماحولیاتی تحفظ پر گہری توجہ دے رہی ہیں اس سلسلے میں پاکستانی قوم کو بھی پیچھے نہیں رہنا چاہئے اور اپنی دھرتی سے پیار کرتے ہوئے ماحول کو خوشگوار اور صاف ستھرا رکھیں اور سرسبز و شادابی کے لئے زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر ان کی آبیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم میں شامل ہونے کا مقصد عام شہریوں کو پودے لگانے کی ترغیب دینا ہے تاکہ وسیع پیمانے پر پودے لگا کر خوشگوار‘ صحت مند اور آلودگی سے پاک ماحول ممکن ہو سکے۔ ڈویژنل کمشنر نے بتایا کہ موسم برسات کی رواں شجرکاری مہم کے دوران 10 لاکھ پودے لگائے جارہے ہیں جبکہ مختلف محکموں کے زیر اہتمام بھر پور انداز میں شجرکاری مہم جاری ہے۔ چیئرمین پی ایچ اے / ایم پی اے لطیف نذر نے کہا کہ پودے معاشرتی زندگی کا اہم حصہ ہیں جن کی بقاء کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کے زیر اہتمام رواں سیزن میں کم ازکم 60 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر ہے۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ اپنے حصے کا پودا لگا کر وزیر اعظم عمران خان کی پلانٹ فار پاکستان مہم میں شریک ہوں۔ ڈی جی پی ایچ اے نے بتایا کہ ڈویژنل کمشنر کی ہدایت پر شہر کے چاروں ٹاؤنز میں گزشتہ روز اڑھائی ہزار پودے لگائے گئے ہیں۔

Leave a reply