فیصل آباد( )پاکستان میں تمام مذاہب ومسالک کی قیادت نے ناروے میں قرآنِ کریم کو نذرِآتش کرنے کے واقعہ کی بھرپورمذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پرقیامِ امن اور اسلام فوبیا کے خلاف”ورلڈ پیس کونسل“کے قیام کا اعلان کیا گیاہے اور29نومبر کو ملک بھر میں جمعہ کے خطبات میں عظمت قرآن کی عزت و تکریم بیان کی جائیگی۔یہ بات چیئرمین متحدہ علماء بورڈ پنجاب /مرکزی چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہر محمود اشرفی نے جامعہ عثمانیہ رضا آباد میں علماء ومشائخ اور دیگر مذاہب کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔پیر فیض رسول رضوی،قاری حنیف بھٹی،علامہ طاہر الحسن،قاری جاوید اخترقادری،منشا سالک،قاری عصمت اللہ معاویہ،مولانا یسین،ڈاکٹر ممتاز حسین،مفتی یونس رضوی،مولانا حبیب،مولانا طیب گرمانی،فادر خالد رشید ودیگر بھی موجود تھے۔چیئرمین متحدہ علماء بورڈ پنجاب /مرکزی چیئرمین علماء کونسل علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ ناروے میں قرآن کریم جلانے کاواقعہ افسوسناک ہے،ناروے حکومت کی طرف سے مجرم کی گرفتاری اورقانون سازی درست سمت قدم ہے، یورپی یونین اور اقوام متحدہ میں آسمانی کتابوں کے احترام کا قانون وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے جو انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کا درس دیتا ہے،قرآن کریم اصلاح انسانیت کیلئیاللہ کریم کی نازل کردہ آخری کتاب ہے،قرآن کریم امن،سلامتی،اعتدال کا درس دیتا ہے،قرآن کریم کو جلانے کی جسارت کرنے والے امن و سلامتی کے دشمن ہیں۔انہوں نے ہندوستان میں بابری مسجد کی شہادت کے سانحہ پر عدالتی فیصلہ اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم اور کرفیوکی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر و فلسطین امت مسلمہ کے مسئلے ہیں اور ہندوستان و اسرائیل مسلمانوں اور مسیحیوں کے ساتھ جو ظلم کر رہا ہے اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک میں مفاہمت کے لیے وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف کا کردار قابل تحسین ہے اور مسلم قائدین کو ان کوششوں کو عملی شکل دینی چاہیے۔انہوں نے حکومت پاکستان کی طرف سے ناروے کے مسئلہ پر موقف کو اہل پاکستان کی ترجمانی قرار دیا گیا۔مولانا محمد طاہر محمود اشرفی نے سیاسی قیادت سے اپیل کی کہ پاکستان کے حالات کا تقاضا کرتے ہوئے اختلافات چھوڑ کر باہمی اتفاق سے مسائل حل کریں۔علامہ طاہر الحسن،پیر فیض رسول رضوی،قاری حنیف بھٹی،ڈاکٹر ممتاز حسین ودیگر علماء کرام نے ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی پرزور مذمت کرتے ہوئے ایسے فعل کو مسلمانوں کے اتحاد کے خلاف گھناؤنی سازش قرار دیا۔انہوں نے علامہ طاہر اشرفی کی فیصل آباد آمد پر انکا شکریہ ادا کیا۔فادر خالد رشید نے واقعہ کی مذمت کی اور کہا کہ یہودیوں کو اسلام اور مسیحت بھائی چارہ برداشت نہیں ہورہا،قرآن پاک جتنا متبرک مسلمانوں کیلئے ہے اتناہی ہم مسیحیوں کے لئے بھی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاپائے اعظم کو بھی مذمتی خط لکھ کرناروے کے افسوسناک واقعہ کی اطلاع کر دی گئی ہے۔پریس کانفرنس کے اختتام پر ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی،امن وسلامتی،بھائی چارہ اور مسلم دشمنوں کے ناپاک عزائم سے محفوظ رہنے کی دعا بھی کی گئی۔
۔۔۔///۔۔۔
ف
فیصل آباد تمام مذاہب ومسالک کی قیادت نے ناروے میں قرآنِ کریم کو نذرِآتش کرنے کے واقعہ کی بھرپورمذمت
Shares: