فیصل آباد( نمائندہ باغی ٹی وی )وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق ضلع میں 4لاکھ 11ہزار مستحق خاندانوں میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے جارہے ہیں جس کی بدولت ایک خاندان کے افراد سالانہ 7لاکھ 20ہزارروپے تک پینل میں شامل سرکاری ونجی ہسپتالوں سے مختلف بیماریوں کا علاج معالجہ کراسکیں گے۔صحت انصاف کارڈز تقسیم کرنے کی تقریب میونسپل کارپوریشن کے ہال میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاں فرخ حبیب تھے۔ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی،ڈپٹی کمشنر طارق خان نیازی،چیئرمین پی ایچ اے/ایم پی اے لطیف نذر،وائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،میڈیکل سپرنٹنڈنٹس الائیڈ،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال وچلڈرن ہسپتال ڈاکٹر خرم الطاف،ڈاکٹر خالد فخر،ڈاکٹر حبیب بٹر،میاں نبیل ارشداوردیگر پارٹی کارکن بھی موجود تھے۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ پروگرام اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کی جانب اہم قدم اور وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کئے گئے وعدے کی تکمیل ہے جس کی بدولت رواں مالی سال میں ضلع فیصل آباد کی 22فیصد آبادی مستفید ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گزشتہ روز دورہ فیصل آباد سے صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کا آغاز کیااور اس سلسلے کو آگے بڑھایا جارہا ہے جس کے تحت ضلع کا کوئی مستحق کارڈ کی سہولت سے محروم نہیں رہے گا۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کو ہر حقدار تک پہنچانے کے لئے دوبارہ سروے بھی کرایا جارہا ہے۔انہوں نے کارڈ حاصل کرنے والوں سے کہا کہ وہ دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہیں کیونکہ صحت انصاف کارڈ کی کوئی فیس نہیں جبکہ انتظامی سطح پر مانیٹرنگ سسٹم بھی وضع کریں گے تاکہ ایسی کسی شکایت پر فوری کارروائی ہوسکے۔انہوں نے صحت انصاف کارڈ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ شعبہ صحت کی ترقی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے اور جدید علاج معالجہ کی سہولیات کے ثمرات غریب ونادار مریضوں تک پہنچائے جارہے ہیں۔ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے صحت انصاف کارڈ کو موجودہ حکومت کا انقلابی قدم قرار دیا اور کہا کہ اس کی بدولت غریب ومستحق مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لینے کے لئے دورے بھی کئے جارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے صحت انصاف کارڈ پروگرام کے تحت کارڈ حاصل کرنے والوں کومبارکباد دی اور کہا کہ آئندہ مرحلے میں شروع کئے جانے والے سروے میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ حقیقی معنوں میں حقدار ہی فہرست میں شامل ہوسکیں۔چیئرمین پی ایچ اے/ایم پی اے لطیف نذراوروائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید نے کہا کہ شعبہ ہیلتھ میں صحت انصاف کارڈ انقلاب ہے جسے صوبہ کے کونے کونے تک پہنچایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو راحت اوریلیف فراہم کرنا ہی پنجاب حکومت کامشن ہے۔قبل ازیں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویزمیاں فرخ حبیب نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کی بدولت صوبہ بھر میں اب تک مختلف نوعیت کے 91ہزار آپریشنز اور ساڑھے تین لاکھ مریضوں نے او پی ڈی سے علاج کی سہولیات حاصل کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے شعبہ صحت پر ذرا بھی توجہ نہ دی لیکن وزیر اعظم عمران خان نے حلف اٹھاتے ہی پسماندہ طبقات کی فلاح کے لئے قدم اٹھایا اور صحت انصاف کارڈ کا اجراء کیا جس کی بدولت غریب آدمی بھی صحت کی بہترین سہولیات حاصل کررہا ہے۔اس موقع پر صحت انصاف کارڈ حاصل کرنے والے مستحقین نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔