فیصل آباد(محمد اویس)ضلع میں جشن عید میلاد النبیؐ پر امن ماحول میں بھر پور مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے سے منایا گیا اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے جامع حفاظتی و انتظامی اقدامات کئے گئے تھے۔ڈپٹی کمشنرمحمد علی اور سی پی او اظہر اکرم عید میلاد النبیؐ کے جلوسوں،ریلیوں اور محافل میلاد کے سیکیورٹی انتظامات پر عملدرآمد کیلئے سارا دن شہر بھر میں متحرک رہے۔انہوں نے عید میلاد النبیؐ کے مرکزی جلوسوں کے منتظمین سے بھی ملاقات کی اور گول جامع مسجد غلام محمد آباد سمیت جلوسوں کے بعض دیگر حساس مقامات پر موجود رہے اور تمام تر سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا۔انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور جلوسوں کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امن و امان قائم رکھنے کیلئے سیکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کے سلسلے میں ان کی طرف بھر پور تعاون قابل ستائش ہے اور اتحاد و اتفاق کی یہ شاندار روایات آئندہ بھی قائم و دائم رکھی جائیں گی۔انہوں نے دائمی اور پائیدار امن و سلامتی کیلئے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ اسی طرح اپنے پیروکاروں میں صبر و تحمل،برداشت،پیار و محبت،باہمی احترام،اتحاد و اتفاق اور مذہبی رواداری کو مزید فروغ دینے کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ سماجی ترقی اور فلاحی معاشرے کے قیام میں کوئی رکاوٹ نہ رہے۔ ڈپٹی کمشنر اور سی پی او نے ڈی سی آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے عید میلاد النبیؐ کے جلوسوں کی سیکیورٹی کی مانیٹرنگ کے عمل کا معائنہ کیا۔عید میلاد النبیؐ کے مرکزی جلوس جامع مسجد سنی رضوی جھنگ بازار اور جامع قاسمیہ غلام محمد آباد سے برآمد ہوئے اور مختلف راستوں سے گزرتے ہوئے انہی مقامات پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔مختلف علاقوں سے جشن عید میلاد النبیؐ کے جلوس مرکزی جلوسوں میں شامل ہوتے رہے۔جہاں شرکاء پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔جلوسوں کو سیکیورٹی اہلکاروں نے اپنے حصار میں لیا ہوا تھا جبکہ سول ڈیفنس،ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت کی موبائل میڈیکل سروسز کا بھی جلوسوں کے ہمراہ بندوبست موجود تھا۔عید میلاد النبیؐ کے موقع پر گلی کوچوں،بازاروں،شاہراؤں،چوکوں اور مساجد کو رنگ برنگی جھنڈیوں، بینروں اور دیگر آرائشی اشیاء و لائٹس سے سجایا گیا تھا جبکہ رات کے وقت مساجد،نجی و سرکاری عمارتوں پر رنگ برنگی لائٹنگ خوبصورت منظر پیش کر رہی تھی۔قبل ازیں دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں،ذکر الٰہی اور درود و سلام سے ہوا۔عاشقان رسولؐ سائیکلوں،موٹرسائیکلوں،کاروں،ٹرالیوں،اونٹ ریڑھیوں اور دیگر گاڑیوں کو روضہ رسولؐ اور خانہ کعبہ کے ماڈلز سے سجا کر کلمہ طیبہ اور درود سلام کا ورد کرتے جلوسوں میں شریک ہوئے اور جگہ جگہ لوگوں میں نیاز تقسیم کرنے کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔جشن عید میلاد النبیؐ کے موقع پر ہسپتالوں،یتیم خانوں،دارالامان،ایس او ایس ویلج اور دیگر فلاحی اداروں میں کھانا اور پھل بھی تقسیم کیا گیا۔
۔۔۔///۔۔۔

Shares: