فیصل آباد میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے موثر اقدام

0
48

فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی )ڈویژنل کمشنرمحمود جاوید بھٹی نے چاروں اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں اس ضمن میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بازاروں میں قیمتیں چیک کرنے کے لئے سرگرم عمل رہیں اور گرانفروشوں سے کوئی رعایت نہ کی جائے تاکہ صارفین کو بے جا مہنگائی سے بچایا جاسکے۔انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پرائس کنٹرول میکنزم سمیت عوامی ریلیف کے لئے دیگر مختلف انتظامی امور کاجائزہ لیتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر طارق خاں نیازی،ایڈیشنل کمشنر (کوآرڈینیشن)محبوب احمد،اسسٹنٹ کمشنر(جنرل)مصور خاں نیازی اوردیگر افسران اس موقع پر موجود تھے جبکہ دیگر اضلاع کے افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ عیدالاضحی کی آمد پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا منفی رحجان قابل تشویش ہے لہذا سبزیوں،پھلوں،مصالحہ جات اور کچن کی دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بلاجوازاضافے کو فوری روکا جائے اور عوام کا استحصال کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لائیں۔انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی تھوک قیمتوں پر بھی کڑی نظر رکھیں تاکہ بازاروں میں فروخت ہونے والی اشیاء میں جائز منافع کی تشخیص ہوسکے۔ڈویژنل کمشنر نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کوہدایت کی کہ فروٹ و سبزی منڈیوں میں نیلامیوں کے عمل کو چیک کرنے کے لئے اپنے دوروں میں اضافہ کریں اور عیدالاضحی پر ناجائز منافع کمانے کے لئے کسی شے کی ذخیرہ اندوزی نہیں ہونی چاہیے۔ڈویژنل کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ وہ اپنے اضلاع میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کو باقاعدگی سے چیک کریں اور مہنگائی کے خلاف کارروائیوں میں تعطل نہییں آنا چاہیے۔اجلاس کے دوران بتایا کہ ڈویژن بھر میں رواں سال اب تک 12576مارکیٹوں،بازاروں میں 64ہزار546،انسپکشنز کرکے گرانفروشوں کو 2کروڑ 74لاکھ 86ہزار350روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ پرائس کنٹرول ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی پر 606،افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے۔اجلاس کے دوران پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات کے ازالہ کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈویژنل کمشنر نے زیرالتواء شکایات پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ متعلقہ محکمے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اس ضمن میں تاخیر کی صورت میں متعلقہ افسران جواب دہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اس سسٹم کے ذریعے مختلف محکموں سے متعلقہ عوام کے مسائل تیزی سے حل ہورہے ہیں تاہم کسی شکایت کے حل میں تاخیر کی وجہ سے آگاہ کریں اور محکمانہ رکاوٹ کو دور کرنے کیلئے اقدامات میں دیرنہ کی جائے۔

Leave a reply