فیصل آباد: ڈپٹی کمشنر طارق خان نیازی نے ہدایت کی ہے کہ ضلع بھر میں انسداد تجاوزات وقبضہ مافیا کے خلاف مہم کو نتیجہ خیز بنایا جائے اس ضمن میں مین شاہرات،گرین بیلٹس،چوکوں کے علاوہ فٹ پاتھ وعوامی گزر گاہوں سے تجاوزات کا صفایا یقینی بنایا جائے۔انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں ضلع بھر میں قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف مہم کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز عفیفہ شاجیہ،اسسٹنٹ کمشنرز زوہا شاکر،نازیہ موہل،عمر دراز گوندل،فیصل سلطان،خرم شہزاد بھٹی،چیف آفیسرز ضلع کونسل ومیونسپل کارپوریشن نعیم اللہ وڑائچ،سردار نصیر احمد،ڈائریکٹر پی ایچ اے عبداللہ نثار چیمہ کے علاوہ میونسپل کمیٹیز کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومتی گائیڈ لائنیز کے مطابق قبضہ مافیا سے سرکاری اراضی خالی کرانا اور تجاوزات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔اس ضمن میں مربوط حکمت عملی کے تحت آپریشن جاری رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں میں فٹ پاتھ پر قبضہ کرکے پیدل چلنے والے راہ گیروں کے لئے مشکلات پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔اس سلسلے میں پی ایچ اے بھی پودوں کی نرسریوں کے باہر فٹ پاتھ پرپڑے سامان کو فوراً اٹھوایاجائے۔انہوں نے ٹریفک کی بلاتعطل روانی کے لئے بعض شاہرات پر پھل ودیگر اشیاء کی فروخت کے لئے کھڑی مستقل ریڑھیوں کو ہٹوانے کی تاکید کی۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ وہ انسداد تجاوزات وقبضہ مافیا مہم کے تحت واگزار کرائی گئی سرکاری اراضی کی حفاظت کویقینی بنائیں اور اس ضمن میں تصدیقی سر ٹیفکیٹس بھی فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہر کی مارکیٹوں اوربازاروں کو تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے بھی مہم جاری رکھی جائے۔اجلاس کے دوران اسسٹنٹ کمشنرز،چیف آفیسرز نے انسداد تجاوزات مہم کی پیشرفت سے آگاہ کیا.

Shares: