فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی) ڈپٹی کمشنر طارق خان نیازی نے ہدایت کی ہے کہ ضلع بھر میں غیر معیاری اور جعلی ادویات کی تیاری و فروخت کے ٹھکانوں کا سراغ لگانے کے لئے جارحانہ اپریشن جبکہ عطائیت کے خاتمے کے لئے بھی ضلعی محکمہ صحت کی کارروائیوں کو نتیجہ خیز بنایا جائے تاکہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کا قلع قمع ہو سکے۔ انہوں نے یہ ہدایت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز عفیفہ شاجیہ‘ سی سی او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا‘ ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر سجیلہ نذیر‘ ڈرگ انسپکٹر خالد مصطفی کے علاوہ بورڈ کے دیگر اراکین ڈاکٹر کیپٹن محمد صدیق‘ غلام صابر نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈرگ انسپکٹرز کی طرف سے میڈیکل سٹورز کی انسپکشن رپورٹس کا جائزہ لیتے ہوئے بلاورانٹی ڈرگ لائسنس اور غیر رجسٹرڈ ادویات فروخت کرنے والوں کے کیسز کی بھی سماعت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے بورڈ کے ممبرز کی مشاورت سے ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزیوں کی پاداش میں 10 میڈیکل سٹورز اور عطائی کلینکس کے کیسز ڈرگ کورٹ بھجوانے کی سفارش کی جبکہ چار میڈیکل سٹورز مالکان کو وارننگ اور ایک میڈیکل سٹور کو ڈی سیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تین کیسز کو ریکارڈ کی طلبی کے لئے آئندہ اجلاس تک ملتوی کر دیا۔ اس موقع پر ایک میڈیکل سٹور کا لائسنس منسوخ کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈرگ انسپکٹرز کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل سٹورز کے امور کو قانون اور ضابطہ کا پابند بنانے میں موثر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں کسی جگہ بھی جعلی ادویات کی تیاری کی شکایت موصول ہوئی تو وہ جواب دہ ہونگے۔ انہوں نے سی ای او ہیلتھ سے کہا کہ وہ ڈرگ لائسنس کے اجراء و تجدید کے معاملات پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ سیل کئے گئے میڈیکل سٹور کو مالک کی طرف سے ازخود کھولنے پر فوجداری مقدمہ درج کرایا جائے۔