فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی )ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے ڈویژن بھر میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لئے تمام بنیادی سہولتوں سے آراستہ سیل پوائنٹس یکم ذوالحج سے فنکشنل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت پر کوئی فیس وغیرہ وصول نہیں کی جائے گی اور تمام تر سہولیات بلامعاوضہ فراہم کرنے کے علاوہ بیوپاریوں کو ہراساں یا ان کا استحصال کرنے کی کوئی شکایت سامنے نہیں آنی چاہئے اس ضمن میں نام نہاد ٹھیکیداروں یا فیس مافیا کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے یہ بات ایک اجلاس کے دوران عارضی مویشی منڈیوں کے قیام کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کی جس میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد طارق خان نیازی‘ ایڈیشنل کمشنر محبوب احمد‘ اسسٹنٹ کمشنر (جنرل) مصور خان نیازی‘ اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز عفیفہ شازیہ موجود تھیں جبکہ جھنگ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز طاہر وٹو‘ میاں محسن رشید اور سید امان انور قدوائی نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے انتظاماب بھی سول ایڈمنسٹریشن کے پاس ہیں لہذا انہیں مویشی منڈیوں کے قیام اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوئی دقت نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیاں شہر سے باہر مناسب جگہوں پر قام کرکے وہاں لائٹنگ‘ پینے کے پانی‘ ٹینٹ‘ چارہ کے سٹالز‘ سیکورٹی کیمروں اور صفائی ستھرائی کا خاطر خواہ بندوبست ہونا چاہئے تاکہ قربانی کے جانوروں کی فروخت کے لئے بیوپاری اندرون شہر کا رخ نہ کریں جو کہ ٹریفک میں رکاوٹ اور گندگی کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت‘ لائیو سٹاک‘ صحت‘ لوکل گورنمنٹ‘ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی‘ پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کا مکمل رابطہ ہونا چاہئے تاکہ سیکورٹی سمیت صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات میں کوئی تعطل نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک کے سٹاف کو ہمہ وقت متحرک رکھیں اور مویشیوں کے سیل پوائنٹس پر ویٹرنری میڈیکل کیمپ فعال رہنا چاہئے جبکہ منڈیوں میں آنے والے ہر جانور کا طبی معائنہ اور حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام مویشی منڈیوں کے انتظامات عوامی توقعات کے مطابق ہونے چاہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع و تحصیل کی سطح پر شکایات سیل قائم کرکے وصول ہونے والے کسی قسم کی شکایات کا فوری ازالہ کیاجائے۔ ڈویژنل کمشنر نے حکم دیا کہ ڈویژن میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے علاقوں میں قربانی کے جانوروں کی منڈیوں کا تسلسل سے دورہ کرکے انتظامات کو چیک کریں اور بیوپاریوں سے ملاقات کے انتظامات کے بارے میں ضرور دریافت کیا جائے۔

فیصل آباد میں قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت کے تمام انتظامات مکمل
Shares: