فیصل آباد میں محکمہ سماجی بہبود کے زیر اہتمام کشمیر ریلی کا انعقاد
فیصل آباد(نمائندہ باغی ٹی وی )محکمہ سماجی بہبود کے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد شاہد رانا نے کی۔ریلی میں ڈپٹی ڈائریکٹر خالد بشیر،سوشل ویلفیئر افسران محمد طاہر،ریحانہ یاسمین ودیگر افسران کے علاوہ سوشل ویلفیئر کے اداروں میں مقیم بچے بھی شریک تھے جنہوں نے کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور دیگر تحریروں پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔اظہار یکجہتی ریلی سوشل ویلفیئر کمپلیکس ڈی گراؤنڈ سے شروع ہو کر مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی واپس کمپلیکس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔اس موقع پر ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے بھارتی جارحیت کی پر زور مذمت کی اور کہا کہ ہمارے دل کشمیری عوام کے ساتھ ڈھڑکتے ہیں اور انہیں کسی موڑ پر تنہا نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جسے کوئی آزادی سے محروم نہیں کرسکتا۔دیگر مقررین نے بھی کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار اوران کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیا۔