فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی )حکومت پنجاب گٹ والا فاریسٹ پارک میں چڑیا گھر کے قیام کی منصوبہ بندی پر غور کرے گی تاکہ شہریوں اور خصوصی طور پر بچوں کے لئے تفریحی سرگرمیوں میں اضافہ کیا جا سکے ۔ یہ بات انچارج صوبائی وزیر فاریسٹ ‘ وائلڈ لائف و فشریز محمد رضا حسین بخاری نے ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی سے ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران کہی ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز رانا نجابت اور محکمہ جنگلات کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ انچارج صوبائی وزیر نے کہا کہ جنگلات اور وائلڈلائف کے تحفظ و فروغ کے لئے تحقیقی سرگرمیوں کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے اس ضمن میں ان شعبوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ عوام کے لئے تفریحی سہولتیں فراہم کرنے پر توجہ مرکوز ہے جس کے لئے متعدد منصوبے زیر غور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گٹ والا فاریسٹ پارک کی جدید تقاضوں کے مطابق تزئین و آرائش کی گئی ہے جس میں چڑیا گھر کے قیام کی بہترین گنجائش موجود ہے اس ضمن میں تمام تر انتظامی و تکنیکی پہلوﺅں کا جائزہ لیا جائے گا ۔ انہوںنے بتایا کہ گٹ والا میں وائلڈ لائف پارک کی بہتری اور ترقی کے لئے اقدامات کرے گے ۔ ڈویژنل کمشنر نے انچارج صوبائی وزیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ فیصل آباد میں بچوں کی دلچسپی و تفریح کے لئے چڑیا گھر کے قیام کی بے حد ضرورت ہے اس ضمن میں ابتدائی منصوبہ بندی کی گئی تھی جس پر عملدرآمد کرکے نہ صرف شہریوں کا مطالبہ پورا کیا جا سکتا ہے بلکہ وائلڈ لائف کی ترقی کے ساتھ ساتھ شہری ترقی میں مزید تفریحی منصوبے کا آغاز ہو گا.

Shares: