فیصل آباد( نمائندہ باغی ٹی وی )ڈویژنل کمشنر / ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن محمود جاوید بھٹی نے کہا ہے کہ عوامی ریلیف اور شہری ترقی کے لئے میونسپل کارپوریشن کی سروسز کے معیار میں مزید اضافہ کیا جائے اس ضمن میں دستیاب وسائل کو دانشمندی سے استعمال کرتے ہوئے عوامی بہبود اور شہری خوبصورتی کے منصوبوں کو مکمل کریں ۔ انہوں نے یہ بات ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہری ترقی کے منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی جس میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاں فرخ حبیب ‘ ارکان اسمبلی چوہدری لطیف نذر ‘ شکیل شاہد ‘ میاں خیال احمد کاسترو کے علاوہ راجہ ریاض احمد ‘ چوہدری فیض اﷲ کموکا ‘ شیخ خرم شہزاد کے نمائندے ‘ اسسٹنٹ کمشنر جنرل مصور خان نیازی ‘ چیف آفیسر سردار نصیر احمد ‘ ایکسئین خالد محمود ‘ ایم او ریگولیشن الیاس شاکر و دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی عمدہ کارکردگی سے ہی عوامی مسائل تیز رفتاری سے حل ہوتے ہیں جس کے لئے افسران اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اعلی نظم و نسق کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی و مذہبی تہواروں پر میونسپل کارپوریشن کے انتظامات شایان شان ہونے چاہیںکیونکہ یہ ادارہ شہریوں کے لئے نمائندہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ اجلاس کے دوران مختلف حلقوں میں اہم سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور سٹریٹ لائٹس کے منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ ترقیاتی سرگرمیوں میں مکمل شفافیت برقرار اور محلوں کی سٹریٹ لائٹس کو بحال رکھنے کے لئے ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے زیر اہتمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کے ثمرات شہریوں تک پہنچنے چاہیں اس ضمن میں غیر فعال واٹر فلٹریشن پلانٹس کو چالو کرنے کے لئے جامع حکمت عملی اختیار کریں۔اس موقع پر واٹر فلٹریشن پلانٹس اور سٹریٹ لائٹس کی تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے ارکان صوبائی اسمبلی چوہدری لطیف نذر اور میاں خیال احمد کاسترو کی سربراہی میں دو الگ الگ کمیٹیز بنائی گئیں جن کی رپورٹس کی روشنی میں ضروری محکمانہ اقدامات کئے جائیں گے ۔ اجلاس کے دوران مختلف شہری علاقوں میں جمعہ ‘ اتوار اور دیگر ایام کے بازاروں کے انعقاد اور مویشیوں کے شہر سے انخلاءکے امور پر بھی غور و خوض کیا گیا ۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں فرخ حبیب نے کہا کہ شہریوں کو بہترین سروسز کی فراہمی کے لحاظ سے میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کا اچھا تاثر ابھر کر سامنے آنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری سہولتوں کی فراہمی اور مسائل کے حل کے سلسلے میں میونسپل کارپوریشن کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے لہذا نئے پاکستان میں تبدیلی کے مثبت اثرات واضح طور پرنظر آنے چاہیں ۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کی آمدن و اخراجات میں توازن پیدا کرنے اور حکومت کی کفایت شعاری مہم پر موثر انداز میں عملدرآمد کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ شہری ترقی کے منصوبوں کے لئے وسائل میں اضافہ بے حد ضروری ہے لہذا میونسپل کارپوریشن کو غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی اور ریونیو کی وصولی میں اضافہ کرنا چاہئے ۔ انہوںنے کہا کہ پرائس میکنزم کے تحت عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کے لئے جمعہ و اتوار بازاروں کے منظم انداز میں انعقاد کے لئے جامع حکمت عملی اختیار کی جائے جس کے لئے بلدیاتی قوانین اور قائمہ طریقہ کار پر عملدرآمد ہونا چاہئے ۔ارکان صوبائی اسمبلی نے اپنے حلقوں میں سڑکوں کی تعمیر ‘ سٹریٹ لائٹس ‘ واٹر فلٹریشن پلانٹس اور عوامی ضرورت کی دیگرترقیاتی سکیموں کے بارے میں تجاویز پیش کیں اور کہا کہ علاقائی خوشحالی اور عوامی بہبود کے لئے ترقیاتی عمل کو مل جل کر آگے بڑھائیں گے ۔ اس سے قبل چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سردار نصیر احمد نے بریفنگ کے دوران مختلتف شہری سڑکوں کی تعمیر ‘سٹریٹ لائٹس کے منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ انہوںنے بتایا کہ 310 مقامات کے سروے کے نتائج کے مطابق شہر میں 2209 بھینسیں موجودہ ہیں جن کے انخلاءکے لئے اپریشن کیا جائے گا اس مقصد کے لئے چھ مقامات پر کانجی ہاﺅس قائم کئے گئے ہیں جن میں ضبط کئے گئے مویشیوں کو رکھا جائے گا۔

Shares: