فیصل آباد ڈویژن میں عید الا ضحی کے موقع پر جانوروں کی کلیئرنس کے بغیر داخلہ پر پابندی عائد

فیصل آباد (نمائندہ باغی ٹی وی) فیصل آباد ڈویژن میں عید الا ضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کے کلیئرنس کے بغیر داخلہ پر سختی سے پابندی عائد کر دی گئی ہے اور ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی کی جا نب سے ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل ۱ٓباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ چیچڑوں اور کانگووائرس کی روک تھام کیلئے مؤثر ترین انتظامی و طبی اقدامات کئے جائیں اور فیصل آباد ڈویژن کی حدود میں قربانی کا کوئی جانور بغیر کلیرنس کے داخل نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے محکمہ لائیو سٹاک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مویشیوں کی کلیرنس کیلئے جامع پلان ترتیب دیں اورمویشی منڈیوں میں جانوروں کے معائنے اور ضروری سپرے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کانگو وائرس سے بچنے کیلئے شہریوں میں ضروری آگاہی کیلئے تمام تر تشہیری ذرائع کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے عارضی مویشی منڈیوں میں خریداروں اور بیوپاریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ مویشی منڈیوں میں صفائی ستھرائی‘ سکیورٹی‘ پینے کے پانی کی فراہمی‘ ویٹرنری ڈسپنسری‘ میڈیکل کیمپ‘ لائٹنگ‘ گاڑیوں کی پارکنگ‘ ٹریفک کی روانی اور دیگر ضروریات کا خاطر خواہ بندوبست ہونا چاہئے نیز اس ضمن میں میونسپل کارپوریشن‘ میونسپل کمیٹیز اور ضلع کونسلز سمیت دیگر متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی اختیار کریں۔ ڈویژنل کمشنر نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران کو عیدالاضحی کے تینوں ایام میں قربانی کے جانوروں کی ۱ٓلائشوں‘ فالتو اعضاء اور دیگر فضلہ وغیرہ کو مستعدی کے ساتھ ٹھکانے لگانے کیلئے جامع صفائی پلان وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں شہریوں کو ہر ممکن ریلیف حاصل ہونا چاہئے اور آلائشیں اٹھانے کے تمام آپریشن کو کمپلینٹ فری بنایا جائے تاکہ کسی جگہ تعفن / بدبو اور گندگی کی شکایت سامنے نہ آئے۔دریں اثناء معلوم ہوا ہے کہ فیصل آباد میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے 9 سیل پوائنٹس بنائے جا رہے ہیں جبکہ جھنگ میں پانچ‘ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میں چار چار سیل پوائنٹس ہونگے جنہیں 2اگست برو ز جمعہ سے فنکشنل کر دیا جائے گا جن میں ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

Comments are closed.