فیصل آباد کنٹینرز اور ٹرالر ایسوسی ایشن کی ہڑتال ساتویں روز بھی جاری
فیصل آباد (محمد اویس) فیصل آباد میں کنٹینرز اور ٹرالر ایسویسی ایشن کی ہڑتال ساتویں روز بھی جاری ہے۔ درآمدی اور برآمدی مال کی ترسیل نہ ہونے سے صنعتکاروں کواربوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔ ڈرائیورز نے مطالبات پورے نہ ہونے پر غیر معینہ مدت تک ہڑتال کی دھمکی دے دی ہے۔ ٹیکسٹائل سٹی فیصل آباد کے صنعتکاروں کی مشکلات میں اضافہ، آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی ہڑتال ساتویں روز بھی جاری۔ ہڑتال کے باعث سینکڑوں صنعتکاروں کا اربوں روپے کا ایکسپورٹ کا مال روانہ نہ ہوسکا۔
صنعتکاروں کا کہنا ہے حکومت اپنے مسائل میں الجھی ہوئی ہے جبکہ ایسٹر کا سیزن چل رہا ہے، سامان کی ترسیل نہ ہونے سے اربوں روپے ڈوب جائیں گے۔
ڈرائی پورٹ پر ہزاروں کی تعداد میں کنٹینراور ٹرالر بند کھڑے ہیں، ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے ڈرائیوروں کے لائسنس کا معاملہ حل ہونے اور ایکسل لوڈ پالیسی پرعمل درآمد تک ہڑتال جاری رہے گی ۔