فیصل آباد(محمد اویس)ہائی لیول ڈیزائن کمیٹی نے مطلوبہ معیار اور قوانین پر پورا اترنے والے عمارتوں و کمرشل پلازوں کی تعمیر کے نقشوں کی 19درخواستوں کی منظوری دی ہے جن میں ایک میرج ہال اور باقی مختلف نوعیت کی کاروباری عمارتوں کی تعمیر شامل ہے۔یہ منظوری کمیٹی کے اجلاس کے دوران دی گئی جو ڈپٹی کمشنر محمد علی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)میاں آفتاب احمد سمیت میونسپل کارپوریشن،ایف ڈی اے،واسا،ہائی ویز،سول ڈیفنس،ریسکیو1122،ٹریفک پولیس اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور ماہر تعمیرات شاہ نواز نے شرکت کی۔اس موقع پر تجاورتی وکاروباری عمارتوں کی تعمیر کی منظوری کے لئے 28درخواستوں کا جائزہ لیا گیا اور ان کے طرز تعمیر،نقشہ جات ودیگر ضروری امور کی جانچ کرتے ہوئے 19درخواستوں کی منظوری جبکہ بلڈنگ بائی لازاور دیگرضروری شرائط پوری نہ کرنے پر بقیہ درخواستوں کو قانونی وتعمیراتی تقاضے پورے کرنے کے لئے موخر کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ بلند وبالا کمرشل عمارتوں وپلازوں کے منصوبے شہری خوبصورتی میں اضافہ کا باعث ہونے چاہیں جن کے نقشوں وڈیزائن میں مقامی ثقافت،طرز زندگی اوردلکش اچھوتی طرز تعمیر کا عنصر رکھا جائے تاکہ یہ عمارتیں آئندہ صدیوں تک شہر کی تہذیب وثقافت کو اجاگر کرسکیں۔انہوں نے واضح کیا کہ کاروباری عمارتوں میں مطلوبہ تقاضوں وشرائط کے مطابق گاڑیوں کی پارکنگ کے بندوبست کے بغیر کوئی نقشہ منظور نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے پلازوں وکمرشل عمارتوں میں خصوصی افراد کے لئے ریمپ ودیگر سہولیات کا خیال رکھنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منظور شدہ نقشوں کی زیر تعمیر عمارتوں کی باقاعدگی سے انسپکشن کی جائے تاکہ تعمیراتی تصریحات کی خلاف ورزی نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ منظور شدہ نقشوں کی خلاف ورزی یا تعمیراتی نقائص کی عمارتوں کو فوری سیل کردیا جائے تاکہ کسی ممکنہ حادثہ کا احتمال نہ ہو۔اجلاس کے دوران میونسپل آفیسر محمد فاروق نے نقشہ جات کی منظوری کے لئے زیرکارروائی درخواستوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ف
فیصل آباد ہائی لیول ڈیزائن کمیٹی کی طرف سے معیار اور قوانین پر پورا اترنے والے پلازوں کی تعمیر کی منظوری
Shares: