قائد اعظم ڈے کی تقریبات کا انعقاد
![](https://baaghitv.com/wp-content/uploads/2019/12/Screenshot_2019-12-25-21-01-13-716_com.google.android.apps_.maps_.jpg)
شیخوپورہ(نمائندہ باغی ٹی وی )ملک بھر کی طرح شیخوپورہ میں بھی ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام ڈسٹرکٹ پبلک سکول میں قائد اعظم ڈے کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے ڈیزاسٹرمنجمنٹ میاں خالد محمود اور ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ محترمہ سدرہ یونس تھیں۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)واصف بشیر کھوکھر،اسسٹنٹ کمشنرشیخوپورہ شبیر حسین بٹ،اظہر عباس گیلانی۔جاوید چوہان ،پرنسپل ڈی پی ایس مس شاہدہ اقبال،طلبا وطالبات کے والدین سمیت میڈیا کے نمائندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں طلبا وطالبات نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی زندگی کے مختلف پہلووُں پر روشی ڈالی اورکہا کہ ہم قائداعظم کے افکار ایمان اتحاد تنظیم پر عمل پیرا ہوکر پاکستان کا مستقبل سنوار سکتے ہیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر میاں خالد محمود نے کہا کہ پاکستان لاالہ الا اللہ کے نام پر حاصل کیا گیا ہمیں چاہیے کہ اپنے فرائض کی ادائیگی پوری ایماندرای کے ساتھ کریں تاکہ اس ملک کو صحیح معنوں میں قائد اعظم کا پاکستان بنا سکیں انہوں نے مزید کہا اسلام کے نام پر بننے والے پاکستان میں تمام مکاتب فکر کو مکمل آزادی حاصل ہے یہ وہ وقت ہے کہ تمام مکاتب فکر اپنے اختلافات بھلا کر پاکستان کو مستحکم کریں اور امن کا گہوارہ بنائیں اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ محترمہ سدرہ یونس نے کہا قائد اعظم ڈے ہمیں اپنے عظیم لیڈر محمد علی جناح کی بے مثال جدو جہد کی یاد دلاتاہے انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگوں نے تاریخ پر اچھے اثرات چھوڑے لیکن ہمارے قائد وہ ہیں جنہوں نے تاریخ رقم کی جناح کے لیے یہ بات کہنا غلط نہ ہو گی کہ وہ ایسی تاریخ ساز شخصیت تھے جو کہیں صدیوں بعد پیدا ہوتی ہے۔انہوں نےکہا کہ قائداعظم بہترین سیاست دان اور مسلمانوں کے عظیم لیڈر ہیں جن کو کبھی دل سے فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کے پاکستان کو قائد کا پاکستان ہم بنائیں گے۔ تقریب میں سکول کے بچوں نے تقاریر،علاقائی وثقافتی ٹیبلوز اور ملی نغمے پیش کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیے آخر میں قائداعظم کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ملکی سلامتی کے لیےخصوصی دعا بھی کی گئی